اللہ کے فضل اور عوام کے تعاون سے ہم اس وباء کو شکست دینے میں کامیاب ہوں گے، محمود خان

اللہ کے فضل اور عوام کے تعاون سے ہم اس وباء کو شکست دینے میں کامیاب ہوں گے، ...

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان پوری طرح متحرک ہیں اور اس سلسلے میں جملہ اُمور کی بذات خود نگرانی کر رہے ہیں۔ " ڈرو نہیں، لڑو" کے مشن پر قائم رہتے ہوئے وزیراعلیٰ نے منگل کے روز اچانک بغیر کسی سکیورٹی اور پروٹوکول کے شہر کے دورے پر نکلے اور عوامی میل جول اور سماجی رابطوں کو کم کرنے کیلئے مارکیٹوں اور دیگر عوامی مقامات کی بندش سمیت انتظامیہ کی طرف سے اُٹھائے گئے دیگر اقدامات کا بذات خود جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے گلبہار، جی ٹی روڈ، نشترا ٓباد، ہشتنگری، قصہ خوانی، یونیورسٹی روڈ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیااور ان علاقوں میں مارکیٹوں، شاپنگ پلازوں اور دیگر عوامی مقامات کی بندش کا بغورجائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے لوگوں کے تحفظ کی خاطر مارکیٹوں سمیت دیگر عوامی رش کے مقامات کو بند کر دیا ہے تاہم میڈیکل سٹور ز اور جنرل سٹور ز سمیت روزمرہ اشیائے ضروریہ کی تمام دکانیں کھلی رہیں گی۔ وزیراعلیٰ نے ایک دفعہ پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خود کو گھروں تک محدود رکھیں، سماجی رابطوں کو کم سے کم کریں،رش والے مقامات میں جانے سے گریز کریں اور دیگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تناظر میں صورتحال کو بہترقرار دیتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ حکومت اس صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے دن رات کوششوں میں لگی ہوئی ہے اور ان کوششوں کو کامیاب کرنے کیلئے عوام کا تعاون بے حد ضروری ہے۔وزیراعلیٰ نے حکومتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے مارکیٹوں، شاپنگ پلازوں، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دیگر عوامی مقامات کو بند رکھنے میں تعاون کرنے پر مالکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔ کورونا وائر س کے خلاف جنگ میں انتظامیہ، پولیس، آرمی، ہیلتھ ورکرز اور دیگر تمام اداروں کے کردار کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بہتر ٹیم ورک اور مربوط کوششوں کے ذریعے انشاء اللہ تعالیٰ اس آزمائش میں سرخرو ہوں گے۔

مزید : صفحہ اول