معاشی پیکج وزیراعظم کے اپنی قوم اور غریبوں کےلئے احساس کی جھلک ہے، فردوس عاشق اعوان

معاشی پیکج وزیراعظم کے اپنی قوم اور غریبوں کےلئے احساس کی جھلک ہے، فردوس ...
معاشی پیکج وزیراعظم کے اپنی قوم اور غریبوں کےلئے احساس کی جھلک ہے، فردوس عاشق اعوان

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیراعظم نے کورونا سے نمٹنے کےلئے جامع قومی حکمت عملی کا اعلان کیا،یہ پیکج وزیراعظم کے اپنی قوم اور غریبوں کےلئے احساس کی جھلک ہے، وزیراعظم نے تمام طبقات کو مدنظر رکھتے ہوئے قدم اٹھایا ۔

معاون خصوصی فردوس فردوس عاشق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ معاشی حقائق اور مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ انتہائی بہترین پیکج ہے،مزدور طبقے کے لیے 200ارب اور انتہائی غریب افراد کے لئے 150 ارب روپے رکھے گئے۔

انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کو 100ارب روپے کا فوری ریفنڈ دینے سے ایکسپورٹرز کی مدد ہوگی ،اس سے ملکی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے،چھوٹی بڑی صنعتوں اورزراعت کے لئے پیداواری صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ یوٹیلیٹی سٹورزکےلئے50ارب سے سستی اور معیاری اشیاکی فراہمی یقینی ہو گی،لاک ڈاؤن کے لئے 100 ارب اور گندم کی خریداری کے لیے 280 ارب رکھے ہیں،پٹرولیم مصنوعات پر 15روپے کم کر دیئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ان اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت ہر وقت عوام کے لیے سوچتی ہے،ملک و قوم کی فلاح و بہبود اور ان کی بہتری ہی ہمارا مقصد ہے۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد