پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان لیکن دراصل پٹرولیم لیوی میں کتنا اضافہ کیا گیا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان لیکن دراصل پٹرولیم لیوی میں کتنا ...
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان لیکن دراصل پٹرولیم لیوی میں کتنا اضافہ کیا گیا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

  



اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا اعلان کرتے ہوئے 15 روپے فی لٹرتک کمی کردی تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ عالمی منڈی کی مناسبت سے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ کمی کرنی چاہیے تھی ، اب نجی ٹی وی چینل نے بتایا ہے کہ حکومت نے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل پر عائد پیٹرولیم لیوی کی شرح میں 6 روپے 26 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کردیا ہے۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق مٹی کے تیل پر عائد پیٹرولم لیوی کی شرح میں 2روپے 26 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی بڑھا کر 18روپے 59 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل پر پیٹرولیم لیوی میں ساڑھے تین روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیاہے جس کے بعد لائٹ ڈیزل آئل پر پیٹرولیم لیوی کی شرح بڑھا کر 8 روپے 44 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ پیٹرول پر عائد پیٹرولیم لیوی میں 2 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول پرعائد پیٹرولیم لیوی کی شرح کم کرکے 17 روپے 16پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے ۔

علاوہ ازیں ہائی اسپیڈ ڈیزل پر عائد پیٹرولیم لیوی میں 9 روپے 56 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل پر عائد پیٹرولیم لیوی کی شرح کم کرکے 15 روپے 49 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد