کورونا سے نجات کیلیے مختلف شہروں میں مساجد اور گھروں میں اذانیں دی گئیں
اسلام آبا د(ویب ڈیسک)ملک کے مختلف شہروں میں کورونا وائرس کی وبا سے نجات کے لیے مساجد اور گھروں سے اجتماعی اذان اور خصوصی دعاﺅں کا اہتمام کیا گیا۔پشاور کی تمام مساجد سے رات 10 بجے اجتماعی اذان دینے کا اعلان کیا گیا اور شہریوں سے با وضو ہو کر اپنے گھرکی چھتوں پر اذان دینے کی اپیل کی گئی۔
پتوکی ، بورےوالا، عارف والا اور گردونواح کے علاقوں میں لوگوں نے علمائے کرام کی اپیل پر گھروں کی چھتوں پر اذانیں دینا شروع کیں اور خصوصی دعاﺅں کا اہتمام بھی کیا۔ علاوہ ازیں حیدرآباد، بدین، سامارو، ٹنڈوجام، جام صاحب میں بھی مساجد اور گھروں کی چھتوں پر اذانیں دی گئیں۔ ملک کے مختلف شہروں میں مقامی علما نے وبا سے نجات کے لیے مساجد اور گھروں کی چھت پر بیک وقت اذان دینے اور خصوصی دعاﺅں کا اہتمام کرنے کی اپیل کی تھی۔