کورونا ایک وائرس ہے، احتیاطی تدابیر کے ساتھ اس سے لڑنا ہے: چودھری نورالحسن تنویر

کورونا ایک وائرس ہے، احتیاطی تدابیر کے ساتھ اس سے لڑنا ہے: چودھری نورالحسن ...
کورونا ایک وائرس ہے، احتیاطی تدابیر کے ساتھ اس سے لڑنا ہے: چودھری نورالحسن تنویر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی (طاہر منیر طاہر) کورونا ایک مہلک وائرس ہے جو دن بدن پوری دنیا میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ کورونا کے مرض کو روکنے کے لئے دنیا بھر کی حکومتیں اپنی کوشش کررہی ہیں۔ فی الحال اس مرض کے پھیلاﺅ کو روکا جارہا ہے جبکہ علاج دریافت نہیں ہوا جس کے لئے ترقی یافتہ ممالک کے سائنسدان کوشش کررہے ہیں۔ جب تک علاج دریافت نہیں ہوتا تب تک ہم اس کے پھیلاﺅ کو روک سکتے ہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس وائرس کو شکست دی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن مڈل ایسٹ کے سابق صدر، موجودہ ایم این اے اور پی ایم ایل این بہاولپور ڈویژن کے صدر چودھری نورالحسن تنویر نے اپنے حلقہ کے لوگوں، پاکستانی عوام اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے نام فیس بک پیغام کے ذریعے کیا۔
چودھری نورالحسن تنویر نے کہا کہ کورونا وائرس کی آفت پوری دنیا پر آئی ہوئی ہے اس سے بچنے کے لئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی اور حفاظتی تدابیر کے ساتھ کرنا چاہیے۔ سب کو چاہیے کہ وہ بھیڑ بھاڑ میں جانے اور اجتماعات سے گریز کریں کیونکہ یہ وائرس زیادہ میل جول سے پھیلتاہے اور انسانوں سے انسان میں سرعت کے ساتھ منتقل ہوتا ہے۔ اس سلسلہ میں فرمان مصطفی ﷺ بھی ہے کہ وبا کی زد میں آنے والے لوگ دوسروں سے الگ تھلگ رہیں تاکہ مرض زیادہ نہ پھیل سکے۔ چودھری نور الحسن تنویر نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس وبا پر مکمل کنٹرول کے لئے لاک ڈاﺅن کرے، متاثرین کو اچھے ماحول میں الگ تھلگ رکھے اور اس مرض میں گرفتار لوگوں کا علاج کرے تاکہ متاثرہ لوگ علاج کے بعد صحتیاب ہوکر معاشرے کا حصہ بن سکیں۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ فیس ماسک کا استعمال کریں، پانی زیادہ پئیں، چھینک مارتے وقت رومال یا کہنی آگے کرلیں، ہاتھوں کو صاف رکھیں، ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ ملانے سے چند دن گریز کریں جبکہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ اللہ سے اس وباءسے چھٹکارے کے لئے دعائیں بھی کریں۔