وہ جگہ جہاں پر 60 ارب روپے کا سونا زمین میں دفن ہے، بڑا دعویٰ سامنے آگیا
ایڈنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) ماہرین نے سکاٹ لینڈ میں 60ارب روپے کا سونا دفن ہونے کا حیران کن دعویٰ کر دیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ 30کروڑ پاﺅنڈ مالیت کا یہ سونا سکاٹ لینڈ کے شمال مغربی علاقے ویسٹر روز میں 10میل کے ایریا میں دفن ہے۔ ماہرین نے اس حوالے سے ٹیسٹ بھی کیے ہیں جن میں ان کے اس دعوے کی تصدیق ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ماہرین کو گزشتہ سال مئی میں علاقے کے ایک دریا سے 22قیراط سونے کا ایک بڑا ٹکڑا ملا تھا جس کے بعد تحقیق شروع کی گئی۔ یہ تحقیق لندن کے ادارے ’گرین اورے‘ نے کی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس جگہ پر ہماری سوچ سے زیادہ سونا ہو سکتا ہے جس سے ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ اس کے لیے مزید تحقیق اور کھدائی وغیرہ کے لیے ادارے نے ’کراﺅڈ فنڈر‘ پر 6لاکھ پاﺅنڈ چند جمع کرنے کی مہم بھی شروع کر دی ہے۔