کورونا وائرس کے حوالے سے اہم ترین اجلاس، بلاول اور شہباز شریف کی شرکت، وزیر اعظم خطاب کرکے چلتے بنے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے بلائے گئے پارلیمانی لیڈرز کے اجلاس میں اس وقت بدمزگی پیدا ہوگئی جب وزیر اعظم عمران خان خطاب کرکے چلتے بنے، ان کے جانے کے بعد بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف نے اجلاس سے واک آﺅٹ کردیا۔
سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس بذریعہ ویڈیو لنک ہوا جس میں پیپلز پارٹی کی طرف سے بلاول بھٹو زرداری اور شیری رحمان جبکہ ن لیگ کی جانب سے شہباز شریف، خواجہ آصف اور مشاہد اللہ خان نے شرکت کی۔
وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کیا اور فوری اٹھ کر چلے گئے، وزیر اعظم کے جانے کے بعد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری بھی ویڈیو کانفرنس اجلاس سے واک آﺅٹ کرگئے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیر اعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مشاورتی اجلاس تھا جس میں ہم سیاست کرنے نہیں آئے لیکن ان کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ انہوں نے اجلاس میں بیٹھنا تک گوارا نہیں کیا۔