روزانہ اس مشروب کے 3کپ پئیں اور لمبی عمر پائیں
کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) نئی تحقیق میں آسٹریلیا کے سائنسدانوں نے کافی کا ایک ایساحیران کن فائدہ بتا دیا ہے کہ سن کر اس کے شوقین خوش ہو جائیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق آسٹریلوی شہر میلبرن کے بیکر ہارٹ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین نے بتایا ہے کہ جو لوگ روزانہ 3کپ کافی پیتے ہیں، ان کی عمر دوسروں کی نسبت زیادہ طویل ہوتی ہے۔ ایسے لوگوں کی قبل از وقت موت ہونے کا خطرہ 12فیصد کم ہو جاتا ہے۔ ان لوگوں کودل کی بیماریاں لاحق ہونے کا امکان 17فیصد کم ہوتا ہے۔
بیکر ہارٹ انسٹیٹیوٹ کے سائنسدانوں نے اس تحقیق میں3لاکھ82ہزار سے زائد لوگوں کا ڈیٹا حاصل کرکے اس کا تجزیہ کیا ہے اور نتائج مرتب کیے ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر پیٹرکسٹلرکا کہنا تھا کہ تحقیق میں شامل جن لوگوں کی خوراک میں روزانہ تین یا اس سے زائد کپ کافی شامل تھی، آئندہ سالوں میں ان کی صحت دوسروں کی نسبت زیادہ بہتر رہی۔ ان کو دل اور دوران خون کی بیماریاں بہت کم لاحق ہوئیں جس کے نتیجے میں ایسے لوگوں میں ہارٹ اٹیک، سٹروک اور دیگر ایسی بیماریوں کی شرح بھی کم دیکھی گئی۔