امیتابھ بچن کے میک اپ آرٹسٹ کا لاکھوں روپے کا فون غائب لیکن پھر کہاں سے ملا؟ جانیے

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ لیجنڈ امیتابھ بچن کے میک اپ آرٹسٹ کا ایک ریلوے سٹیشن پر گم ہو جانے والا قیمتی موبائل فون ایک غریب قلی نے واپس پہنچا دیا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دیپک دتہ ساونت کا 1لاکھ 40ہزار بھارتی روپے (تقریباً 4لاکھ 81ہزار پاکستانی روپے) مالیت کا فون ممبئی کے دادر ریلوے سٹیشن پر گم ہو گیا تھا، جہاں سے وہ امرتسر کی ٹرین میں سوار ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق دیپک دتہ کا فون ایک 62سالہ داشرت دوند نامی قلی کے ہاتھ لگ گیا۔
داشرت کو یہ فون ریلوے سٹیشن کے ویٹنگ ایریا میں ایک سیٹ پر پڑا ملا۔ اس غریب شخص نے ایمانداری کی ایک مثال قائم کرتے ہوئے فون اپنے پاس رکھنے کی بجائے ریلوے پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے بعد ازاں یہ فون دیپک دتہ کے بیٹے دھن ویر کے حوالے کر دیا، جس نے مبینہ طور پر فون واپس لوٹانے والے قلی کو ایک ہزار روپیہ انعام دیا۔