خاتون پیشاب کرنے سے قاصر، 14 ماہ بعد ایسی نایاب بیماری کا انکشاف کہ زندگی بدل کر رہ گئی

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانیہ میں ایک خاتون جو ایک سال سے زیادہ عرصے سے پیشاب نہیں کر پا رہی تھی، میں ایک غیر معمولی حالت کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ اس کی زندگی 'مکمل طور پر بدل گئی'۔
نیو یارک پوسٹ کے مطابق 30 سالہ ایلی ایڈمز کو اکتوبر 2020 میں پتا چلا کہ وہ پیشاب نہیں کر سکتی ۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اس نے کتنا ہی سیال پیا تھا، وہ پیشاب کرنے سے قاصر تھی حالانکہ اسے محسوس ہوا کہ اسے پیشاب کرنے کی ضرورت ہے۔
خاتون کے مطابق 'میں بہت صحت مند تھی۔ مجھے کوئی اور مسئلہ نہیں تھا۔ میں ایک دن بیدار ہوئی تو پیشاب کرنے کے قابل نہیں تھی۔ میں بہت فکر مند تھی، میں بریکنگ پوائنٹ پر تھی ، میری زندگی مکمل طور پر بدل چکی تھی۔ میں ٹوائلٹ جانے جیسا آسان کام مکمل کرنے کے قابل نہیں تھی۔'
ایلی ایڈمز لندن کے سینٹ تھامس ہسپتال کے ایمرجنسی روم میں گئیں اور اپنی علامات بتانے کے بعد انہیں بتایا گیا کہ ان کے مثانے میں ایک لیٹر پیشاب ہے۔ عام طور پر، پیشاب کی نالی عورتوں میں 500ml اور مردوں میں 700ml تک پیشاب رکھ سکتی ہے۔
ڈاکٹروں نے خاتون کو ایک ایمرجنسی کیتھیٹر دیا تاہم اس کے مسائل فوری طور پر ٹھیک نہیں ہوئے ۔ اسے یہ اختیار دیا گیا کہ وہ کیتھیٹر باہر لے جائے اور باتھ روم جانے کی کوشش کرے یا گھر جائے اور تین ہفتوں میں دوبارہ تشخیص کے لیے ہسپتال واپس آجائے۔ ایک ہفتے بعد یورولوجی سنٹر کا دورہ کرنے کے بعد انہیں سیلف کیتھیٹر کرنے کا طریقہ سکھایا گیا اور گھر بھیج دیا گیا۔
یاہو کے مطابق مشرقی لندن سے تعلق رکھنے والی خاتون ایک سال سے زیادہ عرصے تک پیشاب کرنے کے لیے کیتھیٹر کا استعمال کرتی رہی۔ تقریباً 14 مہینوں اور بہت سے ٹیسٹوں کے بعد اسے فاؤلر سنڈروم کی تشخیص ہوئی اور اسے خبردار کیا گیا کہ اسے ساری زندگی کیتھیٹر کا استعمال کرتے ہوئے پیشاب کرنا پڑے گا۔ فاؤلر سنڈروم مثانے کو خالی کرنے میں ناکامی کی بیماری ہے۔ یہ انتہائی نایاب حالت بنیادی طور پر نوجوان خواتین کو متاثر کرتی ہے اور اس کی وجہ معلوم نہیں ہے۔