دورانِ پرواز پائلٹ بیمار، مسافر نے طیارہ لینڈ کرادیا، یہ کون تھا؟

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایک آف ڈیوٹی پائلٹ جو ساؤتھ ویسٹ ائیرلائنز کی پرواز میں مسافر تھا، جہاز کو لینڈ کرنے میں مدد کے لیے اس وقت سامنے آیا جب آن ڈیوٹی پائلٹوں میں سے ایک کی دوران پرواز طبیعت خراب ہوگئی۔
سی این این کے مطابق یہ واقعہ فلائٹ 6013 پر پیش آیا جس نے لاس ویگاس سے اڑان بھری تھی اور یہ کولمبس، اوہائیو کی طرف جارہی تھی۔ ایئر لائن نے کہا کہ طیارے کو ویگاس واپس جانے پر مجبور کیا گیا تھا کیونکہ اصل پائلٹ کے لیے فوری طبی امداد کی ضرورت تھی اور وہ پرواز کو لینڈ کرانے کیلئے 'نااہل' تھا۔
خوش قسمتی سے اس پریشان کن صورت حال میں ایک مسافر آگے آیا اور عملے کی مدد کی، یہ ایک اور ایئر لائن کا آف ڈیوٹی پائلٹ تھا جس نے ریڈیو کمیونیکیشن میں مدد کی جبکہ دوسرے پائلٹ نے کنٹرول سنبھال لیا۔
سی این این کے مطابق ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز کے ترجمان کرس پیری نے کہا 'دوسری ایئر لائن کا ایک تصدیق شدہ پائلٹ، جو جہاز میں تھا، فلائٹ ڈیک میں داخل ہوا اور ریڈیو کمیونیکیشن میں مدد کی جب کہ ہمارے ساؤتھ ویسٹ پائلٹ نے طیارے کو لینڈ کرادیا۔'