میرا "بچ"جانا جمہوریت کی فتح ہے:گیلانی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سپیکر کی طرف سے ان کے حق میں فیصلہ تا ریخی اور جمہوریت کی فتح قرار دیا ہے۔ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام اساتذہ کی اپ گریڈیشن پر اظہار تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں سپیکر مولوی تمیز الدین اسمبلی تحلیل ہونے پر عدالت میں گئے تھے۔ عدلیہ ان کی سن لیتی آج ملک کی تقدیر بدل چکی ہوتی۔انکا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صحت ، تعلیم کے معاملات صوبوں کے پاس ہیں لیکن وفاق اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں۔ تعلیمی اداروں کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم ہاﺅس بھی کسی بڑے تعلیمی ادارے کے لیے وقف کردیں گے۔ وزیراعظم نے اساتذہ کے لیے ہاﺅسنگ سکیم، کمیونٹی سینٹر اور تعلیمی کلب کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے وفاقی وزیر نذرمحمد گوندل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔