دوہری شہریت کیس، سپریم کورٹ نے فرح نازاصفحانی کی قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کردی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے دوہری شہریت کیس میں فرح ناز اصفحانی کی قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کردی ہے ،عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ امریکہ سے وفاداری کا حلف اُٹھانے والے پاکستانی قوم کی تقدیر کیسے بدل سکتے ہیں جبکہ اٹارنی جنرل کاکہناتھاکہ شہریت حاصل کرنے کے لیے مجبوری کی حالت لوگ حلف اُٹھاتے ہیں لیکن دلی طورپر اُن کی ہمدردیاں پاکستان کے ساتھ ہوتی ہیں۔چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دورکنی بنچ کے روبرودوہری شہریت کیس کی سماعت کے دوران فرح نازاصفحانی کی دوہری شہریت سے متعلق دستاویزات پیش کی گئیں جس پرعدالت نے پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی اور حسین حقانی کی بیوی فرح ناز اصفحانی کی قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کردی ۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ غیر ملکی ہماری اسمبلیوں میں بیٹھ کر کیسے قوم کی تقدیر کا فیصلہ کیسے کرسکتے ہیں؟ امریکی شہریت لینے سے متعلق حلف نامہ بھی عدالت میں پیش کیاگیاجس پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہاکہ حلف نامے کے مطابق امریکی سرکار کے لیے بندوق بھی اُٹھاناپڑی تو اُٹھائیں گے۔حسب معمول اٹارنی جنرل عرفان قادر نے کہاکہ فیصلے سے قبل ججوں کا ذہن بنالینا آئین کے آرٹیکل 10اے کی خلاف ورزی ہے جبکہ شہریت حاصل کرنے کے لیے مجبوراً لوگ حلف اُٹھاتے ہیں لیکن اُن کی ہمدردیاں پاکستان کے ساتھ ہوتی ہیں ۔عدالت کاکہناتھاکہ کل یہ لوگ ملک کے وزیریا وزیراعظم بھی بن سکتے ہیں ،کیس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔بعد ازاں فرح ناز اصفحانی کا تحریری جواب عدالت میں پیش کیاگیاجس کے مطابق آئین او رقانون میں دوہری شہریت کی اجازت موجود ہے جبکہ اُنہوں نے بحیثیت رکن قومی اسمبلی پاکستان سے وفاداری کا حلف بھی اُٹھارکھاہے ۔وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک کے وکیل نے برطانوی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے لیے مزید مہلت طلب کی جبکہ مزید سماعت 30مئی تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔