تحریک انصاف نے جاوید ہاشمی کو وزارت عظمیٰ اور شہریار آفریدی کو سپیکر کیلئے امیدوار نامزد کر دیا
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے جاوید ہاشمی کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا ہے تاہم جاوید ہاشمی نے وزارت عظمیٰ کا امیدوار بننے سے انکار کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں نو منتخب اراکین قومی اسمبلی اور سینئر قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ انتخابات کے بعد تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس تھا جس میں حکومت سازی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف نے ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ تحریک انصاف نے جاوید ہاشمی کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ شہریار آفریدی کو سپیکر اور منزہ حسن کو ڈپٹی سپیکر کیلئے امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تمام پارلیمانی عہدوں پر امیدوار کھڑے کریں گے جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پارلیمانی لیڈر اور عارف علوی پارلیمانی پارٹی کے چیف وہپ ہوں گے۔ جیو نیوز کے مطابق جاوید ہاشمی نے وزارت عظمی کا امیدوار بننے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد پارٹی کی جانب سے انہیں منانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی جاوید ہاشمی کے کورنگ امیدوار ہوں گے۔