” جس پر بھروسہ کیا،اسی نے دغا دیا“جفاکاروں اور دشمنوں سے بچنے کیلئے اسمائے ربّی کی تسبیح آپ بھی جانئے
لاہور(نظام الدولہ) آپ کی روزنامہ پاکستان لاہور کی ویب سائٹ پراپنے لئے مخصوص اسمائے الحسنیٰ کی تسبیح حاصل کرنے کی پیش کش پڑھی تو آپ کو ای میل کررہا ہوں۔محترم یوں تو زندگی بے شمار مسائل سامنے لا کر کھڑے کر دیتی ہے مگر معاش اور سکون سب سے اہم ترین مسئلہ ہے ، بندہ کئی سالوں سے ذریعہ معاش کیلئے کوشاں ہے، یوں تو ربّ تعالیٰ کا شکر گزار اور احسان مند ہے کہ اس مطلبی دور میں بھی اس باری تعالیٰ نے اپنی محتاجی میں ہی رکھا اور باعزت رکھا ہے۔ بندہ ربّ سے بھی دعاگو ہے کہ اس کا کوئی مستقل اور اچھا ، پرسکون ذریعہ معاش ہو تاکہ وہ اپنی تمام ذمہ داریوں سے احسن طریقے سے سبکدوش ہو سکے اس کیلئے آپ سے التماس ہے کہ بندے کیلئے کوئی ایسا وظیفہ بتائیں تاکہ یہ جائز خواہش پوری کر سکے۔نیز لوگوں کی طرف سے عداوت اور سازشوں کا بھی شکار رہتا ہوں اور جس پر بھی بھروسہ کیا جائے وہی دغا دے جاتا ہے۔ آپ سے التماس ہے اس حوالے سے بھی کوئی مجرب وظیفہ عنایت فرمائیں اور اس کے علاوہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ بندہ کوئی کام شروع کرکے جلد ہی اس سے اوب جاتا ہے، شاید قوت ارادی میں کمزوری کا سبب ہے، اس پر بھی وظیفہ مرحمت فرمائیں۔(و ح۔راولپنڈی)
جواب ۔بے شک اللہ ہی کارساز ہے اور بندے کو اپنے اللہ پر ہی کامل بھروسہ ہونا چاہئے۔آپ جانتے ہیں ہماری دعائیں قبول کیوں نہیں ہوتیں؟ دوسرے لوگ ہمیں دغا کیوں دیتے ہیں ؟ یہ اخلاص کا سودا ہے ۔نیت اور اخلاص کا درست ہونا لازم ہے ۔اللہ سے مخلص ہوکر مانگیں ،سب کچھ ملے گا ۔۔آپ نماز پڑھیں اور اللہ کو اپنا ولی اور والی مانیں ۔وہی کارساز بہترین دوست ہے ۔آپ کے مسائل کافی زیادہ ہیں ۔آپ روزانہ تین سو تیرہ بار اللہ کریم کے اسمائے مبارکہ یا عزیز یا حلیم کا ورد کریں۔اللہ عزوجل جسے عزیز رکھتے ہیں ،اسکو کسی دوسرے کی احتیاج نہیں رہتی ،اس پر کوئی دوسرا غلبہ نہیں پاسکتا ۔ یہ تسبیح روزانہ اول آخر درود پاک کے ساتھ پڑھیں ۔کسی کے لئے بددعا نہ کیجئے ،وضو میں رہنے کی عادت ڈالیں ،چلتے پھرتے یہ تسبیح کھلی پڑھتے رہا کریں ۔رات کو سونے سے پہلے ایک تسبیح استغفراللہ کی پڑھنا معمول بنا لیں ۔اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔ (اپنے نام کی اسما الحسنٰی کی روحانی تسبیح حاصل کرنے کے لئے اس ای میل پر رابطہ کریں ،اپنا پورا نام ،کاروبار،شہر اور مسئلہ لکھ کر بھیجیں nizamdaola@gmail.com )