میچ دیکھ کر برطانوی وزیراعظم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بارے میں ایسی بات کہہ دی کہ جان کر آپ بھی خوش ہو جائیں گے
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ جاری ہے جس میں دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے 350 رنز بنا لیے ہیں اور 166 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے تاہم پاکستان اپنی 8 وکٹیں گنوا چکا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پاکستان کی جانب سے پہلے ٹیسٹ میں شاندار آغاز کیا گیا جس میں پاکستان نے انگلینڈ کی پوری ٹیم کو 184 رنز پر پولین پہنچادیا اور پچا س رنز بنانے کے ساتھ پہلے روز کا اختتام کیا تھا تاہم پاکستان کی شاندار کارکردگی دیکھ کر برطانوی وزیراعظم سے بھی نہ رہا گیا اور انہوں نے بھی پاکستانی کارکردگی کو سراہا ۔
برطانوی وزیراعظم تھریسا مے اور ان کے شوہر فلپ نے لارڈز سٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نجم سیٹھی ، ڈاکٹر اشرف چوہان ، رومان احمد اور دیگر شخصیات سے ملاقات کی اور میچ بھی دیکھا ۔اس موقع پر تھریسامے نے نجم سیٹھی کے ساتھ دونوں ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا ۔انہوں نے نجم سیٹھی کو بتایا کہ پاکستان نے بہت شاندار کھیل پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لارڈز کرکٹ کا گھر ہے اور یہاں پر شائقین پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیل بہت شوق سے دیکھتے ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ پاکستان نے پہلے روز کے کھیل میں بہت شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کیا تھا ۔
اس موقع پر نجم سیٹھی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم اچھی فارم میں ہے اور انہوں نے اچھے ڈسپلن کا مظاہرہ کیاہے ،اور انہوں نے امید ظاہر کی پاکستان ٹیم اسی طرح کا کھیل پیش کرتی رہی گی ۔تھریسامے نے سٹیڈیم میں تقریبا تین گھنٹے قیام کیا اور میچ دیکھا ۔