تحریک انصاف کا وہ وزیر جس نے 8 ماہ میں 58 ارب روپے بچا لیے ، بڑا دعویٰ سامنے آگیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے بجلی کی چوری پر قابو پاکر 58 ارب روپے بچانے پر وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عمر ایوب اور ان کی ٹیم نے 8 ماہ میں 81 ارب روپے کی رقم وصول کی ہے جبکہ بجلی چوری پر قابو پاکر 58 ارب روپے بچائے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا 80 فیصد حصہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہے، سحری اور افطار میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی اور یہ ہے نیا پاکستان۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگلے سال تک 120 ارب روپے مزید ریکور کیے جائیں گے، گردشی قرضہ پہلے ہی 38 ارب روپے سے کم ہوکر 26 ارب روپے ماہانہ ہوگیا ہے اور اگلے دسمبر تک گردشی قرضہ زیرو کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پرانے بقایا جات کی مد میں اضافی 100 ارب روپے ریکور کیے جائیں گے، آئندہ پانچ سال میں درآمدی تیل پر انحصار 41 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد پر لایا جائے گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ درآمدی تیل پر انحصار اگلے دس سال میں کم کرکے 20 فیصد تک لائیں گے، ہائیڈل، قابل تجدید ذرائع اور تھر کوئلے جیسے مقامی ایندھن کے استعمال سے درآمدی تیل پر انحصار کم کریں گے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر توانائی و پٹرولیم عمر ایوب خان نے کہاہے کہ گزشتہ 8 ماہ کے دوران پاور سیکٹر کی آمدن میں 81 ارب روپے اضافہ ہوا جب کہ 2020 تک گردشی قرضوں کا بہاؤ صفر کر دیں گے۔پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ڈالرکی قدر میں اضافہ سے صارفین پربجلی ٹیرف کا بوجھ بڑھ جائے گا تاہم آٹومیٹک میٹر نظام سے بجلی چوری کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا، 30 ہزار سے زیادہ بجلی چوروں کیخلاف ایف آئی آر درج کرا دی، میٹر کا ایسا سسٹم لگائیں گے جس سے بجلی چوری فوری پکڑی جائے گی جب کہ کسی ادارے کونادہندہ نہیں چھوڑیں گے، 70 فیصد سے زیادہ انرجی ٹیکس ہمارے اپنے وسائل سے ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے یہاں تک پہنچے ہیں،الیکشن کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں بھی نہیں بڑھائی گئیں جس سے دو سو ارب کا بوجھ پڑا، 2025ء تک مکمل طور پر متبادل ذرائع سے بجلی پیدا ہوگی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا وزیراعظم عمران خان کی ٹوئٹ کے ردعمل میں کہنا تھا کہ نالائقِ اعظم سے خود تو سوائے تباہی اور بربادی کے کچھ ہوا نہیں۔انہوں نے کہا کہ نالائق اعظم کمال ڈھٹائی سے نواز شریف کے کام اور کامیابیاں بھی اپنے کھاتے ڈالنا چاہتا ہے۔ اس کے علاوہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ جتنا بھی جھوٹ بولا جائے حقائق کو مسخ نہیں جاسکتا، لوگ جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں پاور پلانٹ بنانے میں ناکام ہوئی، نوازشریف نے اپنے دور میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں داخل کی۔