اپوزیشن اتحاد جس عجلت میں بنا، اتنی ہی تیزی سے اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا،وزیراعلیٰ پنجاب

اپوزیشن اتحاد جس عجلت میں بنا، اتنی ہی تیزی سے اپنے منطقی انجام کو پہنچے ...
اپوزیشن اتحاد جس عجلت میں بنا، اتنی ہی تیزی سے اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا،وزیراعلیٰ پنجاب

  


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کاگٹھ جوڑذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے ہے اپوزیشن اتحاد جس عجلت میں بنا، اتنی ہی تیزی سے یہ اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی معاملات اور میڈیا کو واجبات کی ادائیگی پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا گٹھ جوڑ صرف ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے ہے، غیر فطری اتحاد کی داغ بیل اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے کرپشن کے”داغ“چھپانے کےلئے ڈالی ہے،22 کروڑ عوام جانتے ہیں کہ آج ملک میں شفاف ترین حکومت ہے،ماضی میں قومی وسائل بے دردی سے لوٹنے والوں کے چہرے قوم کے سامنے آشکارہو چکے ہیں ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لوٹ مار کا دور قصہ پارینہ بن چکا ہے،اب قومی وسائل ایمانداری کے ساتھ عوام پر خرچ ہو رہے ہیں،اپوزیشن اتحاد جس عجلت میں بنا، اتنی ہی تیزی سے یہ اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کی فلاح و بہبود کے لئے موثراقدامات کر رہی ہے،رمضان بازاروں میں عام آدمی کو سہولت دینے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں،اب صارف رمضان بازار سے 2 کلو تک چینی خرید سکے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے 309 رمضان بازاروں میں آٹے، چینی، گھی، سبزیوں اور پھلوں پر سبسڈی دی گئی ہے،رمضان بازاروں میں نرخ، معیار اور اوزان کی نگرانی کےلئے ایک ہزار سے زائد پرائس کنٹرول مجسٹریٹ سرگرم عمل ہیں ،رمضان بازاروں میں دی جانے والی سبسڈی کو عوام تک پہنچانے کے لئے خود دورے کر کے جائزہ لے رہا ہوں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے رمضان بازاروں میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے بہترین انتظامات پر پنجاب حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی حکومت نے رمضان پیکیج کے تحت حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف دیا ہے،وزیر اعلی عثمان بزدار کی قیادت میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ،فردوس عاشق اعوان نے گندم خریداری کا ٹارگٹ حاصل کرنے اور کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔معاون خصوصی نے کہا کہ سیاسی یتیموں کا کوئی مستقبل نہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھ رہا ہے سابق حکمرانو ں کی لوٹ مار نے معیشت کا بیڑا غرق کیا،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے معیشت کو گرداب سے نکالنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔

مزید : قومی /علاقائی /پنجاب /لاہور