ورلڈ کپ کا پاک بھارت ٹاکرا کس کے نام رہے گا؟ ایشین بریڈ مین ظہیر عباس نے پیشگوئی کردی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایشین بریڈ مین ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کا میچ موجودہ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا میچ ہوگا اور اس میں وہی ٹیم کامیابی حاصل کرے گی جو اپنے اعصاب کو قابو میں رکھے گی۔ انگلش کنڈیشنز میں فٹنس کی بہت زیادہ اہمیت ہوگی ، جو ٹیم سب سے زیادہ فٹ ہوگی اسی کو فائنل فور میں جگہ ملے گی۔
ایشین بریڈ مین اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس نے کہا ہے کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون سی ٹیم کامیابی حاصل کرتی ہے لیکن 16 جون کو مانچسٹر میں ہونے والا پاک بھارت میچ حالیہ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا میچ ہوگا۔ ریکارڈ اگرچہ ہندوستانی ٹیم کے حق میں ہیں، لیکن اپنے دن گرین شرٹس کسی بھی حریف کوشکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، اس میچ میں تمام تر انحصار اس بات پر ہوگا کہ کون سی ٹیم اپنے اعصاب پر قابو رکھتی ہے۔
ظہیر عباس نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا کی رقابت ایشز سے کہیں بڑھ کرہے ، کرکٹ کے کسی بھی پرستار کی طرح وہ بھی اس معرکے کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔
انہوں نے بھارتی ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو ٹرمپ کارڈ قرار دیا اور کہا کہ وہ ورلڈ کپ میںپہلی بار قیادت کرنے والے ویرات کوہلی کیلئے مدد گار ثابت ہوں گے۔
سابق کپتان کے مطابق انگلش کنڈیشنز کے پیش نظر ورلڈ کپ میں فٹنس کو بنیادی اہمیت حاصل ہوگی ، جو ٹیم سب سے زیادہ فٹ ہوگی وہی فائنل 4 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو حالیہ سیریز میں ناکامی کو بھلا کر ورلڈ کپ پر توجہ دینی چاہیے۔ گرین شرٹس کو میگا ایونٹ کے دوران اپنی فیلڈنگ بھی بہتر بنانا ہوگی۔