پنجاب حکومت کے دعوے غلط، عید پر مرغی کا گوشت کتنے روپے کلو فروخت ہو رہا ہے؟ جان کر ہی آپ پریشان ہو جائیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں منافع خوروں نے عید کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مرغی کے گوشت کی قیمت میں 50 روپے سے 100 روپے اضافہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت اور پولٹری ایسوسی ایشن نے ایک روز قبل طے کیا تھا کہ مرغی کا گوشت 260 روپے فی کلو میں فروخت کیا جائے گا تاہم دکانداروں نے قیمت میں من مانا اضافہ کر دیا۔ دکاندار مرغی کا گوشت 310 روپے سے 360 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں جس سے خریدار پریشان ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دکانداروں کا کہنا ہے کہ حکومت چکن سستا کرے تو مرغی کا گوشت سستا بیچیں گے جبکہ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کسی قسم کی چیکنگ نہیں کی جا رہی، کمر توڑ مہنگائی نے پہلے ہی پریشان کر رکھا ہے، رہی سہی کسر عید کے روز مرغی کے مہنگے گوشت نے نکال دی ہے۔