”ارطغرل نے بھی یہی نصیحت کی ہے کہ۔۔۔“ فواد چوہدری نے مفتی منیب کو جواب دینے کیلئے ’ارطغرل‘ کا سہارا لے لیا

”ارطغرل نے بھی یہی نصیحت کی ہے کہ۔۔۔“ فواد چوہدری نے مفتی منیب کو جواب دینے ...
”ارطغرل نے بھی یہی نصیحت کی ہے کہ۔۔۔“ فواد چوہدری نے مفتی منیب کو جواب دینے کیلئے ’ارطغرل‘ کا سہارا لے لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور رویت حلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کے درمیان چاند کی رویت کے معاملے پر شروع ہونے والا تنازع شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور وفاقی وزیر نے اس مرتبہ ’ارطغرل‘ کی مثال دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری بذریعہ ٹیکنالوجی چاند دیکھنے کے معاملے کو حل کرنے پر بضد ہیں جبکہ مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر کو دینی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے شوال کا چاند دیکھنے کیلئے منعقد اجلاس میں وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ بھی کیا تھا کہ فواد چوہدری کو مداخلت دین سے روکیں۔
دوسری جانب فواد چوہدری نے اپنی ایک ٹوئٹ میں شہرہ آفاق ترک ڈرامہ سیریز ’ارطغرل غازی‘ (جو پاکستان میں اس وقت بے انتہا مقبول ہے) کا حوالہ دیتے ہوئے کامیاب ریاست کے بنیادی اصول بتا ڈالے۔فواد چوہدری نے لکھا کہ ’ارطغرل غازی کے تیسرے سیزن سے نئی ترک ریاست کی جدوجہد کا آغاز ہوتا ہے، ارطغرل نے پہلا اصول جو اپنے ساتھیوں کو بتایا وہ ابن العربی کی یہ نصیحت تھی کہ کامیاب ریاستوں کو سائنسدان، آرٹسٹ اور تاجر چاہئیں جو مضبوط ریاست کی بنیاد فراہم کرتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر پاکستان میں اردو ڈبنگ کے ساتھ نشر ہونے والے تاریخ پر مبنی ترک ڈرامہ سیریز ’ارطغرل غازی‘ نے پاکستانی مداحوں کو اپنا اسیر کر لیا ہے اور پاکستان میں اس ڈارمے کی مقبولیت نے ترکی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔