شیزوفرینیانفسیاتی بیماری،بر وقت تشخیص ضروری ہے، پروفیسر الفرید ظفر
لاہور(جنرل رپورٹر)شیزو فرینیا نفسیاتی بیماری ہے جس کی وجہ سے مریض کا ذہنی توازن اور سوچ بچار کی صلاحیتیں متاثر ہوتی ہیں اور مریض روزمرہ کی زندگی گزارنے کے قابل نہیں رہتا،عالمی ادارہ صحت کے مطابق یہ مرض دنیا میں 300میں سے ایک شخص کو متاثر کرتا ہے جبکہ دوسری طرف شیزوفرینیا کی بیماری قابل علاج ہے جس کے لئے بنیادی شرط ابتدائی وقت میں ہی تشخیص ضروری ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے شیزو فرینیا کے عالمی ہفتہ آگاہی کے سلسلے میں شعبہ امراض نفسیات کے زیر اہتمام لاہور جنرل ہسپتال میں منعقدہ واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر فائزہ اطہر، پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب، ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم،ڈاکٹر عرفان ملک،ڈاکٹر رضوان فاروق، ڈاکٹر انیلہ، ڈاکٹر نادیہ ارشد،ڈاکٹر فرحانہ،ڈاکٹر حراء ڈاکٹر اسماء، سینئر ڈاکٹرز، نرسنگ طالبات و میڈیکل سٹاف کے ممبران بڑی تعداد میں موجود تھے۔ شرکاء نے شیزوفرینیاکی بیماری سے بچاؤ،علامات اور آگاہی پمفلٹس اٹھا رکھے تھے۔
ڈاکٹر فائزہ اطہر کا کہنا تھا کہ شیزوفرینیا کے مریضوں میں خودکشی کے امکانات عام لوگوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتے ہیں جو انتہائی خطرناک امر ہے۔ شیزوفرینیا کی بیماری شروع ہونے کے بعد جلد از جلد علاج معالجہ شروع کیا جائے تو ہسپتال میں داخلے کے امکانات بھی کم ہو جاتے ہیں۔ اگر شیزوفرینیا کے مریض کی گھر میں بھی بہتر طریقے سے نگہداشت کی جائے تو جلد صحت یابی اور نارمل زندگی گزارنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔