سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے: شرجیل میمن
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے آرکائیوز کمپلیکس کلفٹن کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات شیڈول میں غیر ضروری تاخیر سے بے چینی پیدا ہورہی ہے کیونکہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے فیز کو ایک سال سے زیادہ عرصہ ہوگیا ہے لیکن منتخب بلدیاتی نمائندے ابھی تک حلف نہیں لے سکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود بھی الیکشن کمیشن نے تاخیری شیڈول دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اپنے شیڈول میں فوری تبدیلی کرے تاکہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا عمل جلد از جلد مکمل ہوسکے اور منتخب بلدیاتی نمائندے عوامی خدمت کے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، م مئی کو عام لوگوں کو ستایا گیا سرکاری اور نجی املاک کو نذرِ آتش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز، ایم پی ایز 9 مئی کو ہونے والے واقعات میں ملوث تھے۔انہوں نے کہا کہ بھڑکیں مارنے والے اب بیانات اور پارٹیاں بدل رہے ہیں، 2018 میں جس طرح ان لوگوں کو بوریاں اور جہاز بھر بھر کر اس پارٹی میں لایا گیا تھا اب یہ لوگ اسی اسپیڈ سے اسے چھوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نے 9 مئی کے واقعات کا الزام کسی اور پر عائد کیا لیکن وڈیوز کے ثبوت واضح بتارہے ہیں کہ پی ٹی آئی کے ایم این اے، ایم پی اے اور لیڈر ان واقعات میں بذات خود ملوث ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کو اسکرین پر 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کی وڈیوز بھی تفصیل کے ساتھ دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 9 مئی کو جن لوگوں کی موٹرسائیکلیں جلائی گئیں، حکومت سندھ ان تمام متاثرہ لوگوں کو موٹر سائیکل دے گی، کیونکہ یہ محنت کش لوگ اپنے کام کاج کے لئے گھروں سے موٹر سائیکلوں پر نکلے تھے کہ اس تخریب کاری کا شکار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو اپنے محنت کش شہریوں کی تکالیف کا احساس ہے اسی لئے ہم اپنے شہریوں کے نقصان کے ازالے کے اقدامات عمل میں لارہے ہیں لیکن یہ سارے پیسے تخریب کاری کرنے والوں سے واپس لئے جائیں گے۔ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ وہ کسی پر الزام نہیں لگا رہے، فوٹیجز میں صاف صاف دکھائی دے رہا ہے کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات میں عمران خان کے نمائندے ملوث تھے، انہوں نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ملازمین کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا، انہوں نے عاضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے اور اہلکاروں پر تشدد کرنے والوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ لوگوں کو منظم اور بدترین طریقے سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، عوام کی سفری سہولت کے لئے دی جانے والی بسز جلائی گئیں، عمران خان ان گاڑیوں میں سفر نہیں کرتے، یہ گاڑیاں عام عوام اور غریب لوگوں کے سہولت کے لئے تھیں، یہ نقصان غریبوں کو پہنچایا گیا ہے، جو لوگ 9 مئی کو ہونے والے واقعات میں ملوث تھے، ان کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی اب ایک دہشتگرد تنظیم بن چکی ہے، پی ٹی آئی نے 9 مئی کو جو کچھ کیا وہ کسی قومی جماعت کا کام نہیں ہو سکتا، کوئی قومی جماعت اس طرح کی تشدد والی سیاست نہیں کرتی اور نہ یہ ان کا سیاسی طرز عمل ہے، عمران خان صرف اور صرف اپنے اقتدار کی ہوس میں اور اپنی انا کی تسکین کے لئے لوگوں کو ہیومن شیلڈ کے طور پر استعمال کرتا ہے اس کو عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے، عمران خان کی پارٹی کے لوگ جیلوں میں ہیں، اور وہ خود گھر میں بیٹھا ہے، دوسروں کے بچوں کو احتجاج کیلئے اکسایا جاتا ہے لیکن موصوف کے اپنے بچے بیرون ملک بیٹھے ہیں۔