پشاورکی خوبصورتی کی بحالی اولین ترجیح ہے‘ حاجی غلام علی

پشاورکی خوبصورتی کی بحالی اولین ترجیح ہے‘ حاجی غلام علی

  

 پشاور (سٹاف رپورٹر) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی و میئر پشاور زبیر علی نے حاجی آباد چارسدہ روڈ پر علی جان روڈ کی تعمیر و مرمت اور کیساتھ ساتھ مختلف جگہوں کے تزئین و آرائش کا کام شروع کرنے کا افتتاح کردیاٗ افتتاح کے موقع پر نگران صوبائی وزیر حاجی فضل الہی، میئر پشاور حاجی زبیر علی، سابقہ ناظم اعلی حاجی عمر خان مہمند، سابقہ صوبائی وزیر ضیا اللہ خان آفریدی، صوبائی رہنما جے یو آئی ارباب فاروق جان، جمعیت علما اسلام ضلع مردان کے امیر مولانا امانت شاہ حقانی،جماعت اسلامی امیر پی کے 79 صدیق الرحمان پراچہ اور تحصیل پشتخرہ کے چیئرمین ہارون صفت کے ساتھ ساتھ بزنس کمیونٹی، سیاسی و سماجی شخصیات، اہل علاقہ و دوست احباب کے علاوہ میڈیا نمائندوں نے بھی شرکت کی۔عوام نے اپنے درمیان گورنر اور مئیر کو دیکھ کر خوشی و اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی اور مئیر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا کہ پشاور کو بطور صوبائی دارلحکومت کے اس کی حیثیت کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں اور انشااللہ پشاور کے طول و عرض میں ترقیاتی منصوبے شروع کئے جارہے ہیں جس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے انہوں نے کہا کہ ان کا دور اقتدار پشاور کیلئے مثالی دور ثابت ہوگا گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ جس طرح انہوں نے بحیثیت ضلع ناظم پشاور میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے تھے اسی طرح میئر پشاور حاجی زبیر علی بھی ان کے نقش وقدم پر چلتے ہوئے پشاور کی تعمیر وترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے ان کی کوشش ہوگی کہ بلدیاتی نظام کو مضبوط بنائے اور بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات بحال کر ائیں اس سلسلے میں جلد وزیراعظم پاکستان سے پورے صوبے بلخصوص ضم اضلاع کے تمام تحصیل چیئرمینوں کی ملاقات کر ائینگے اور وز یر اعظم سے ہر ضلع کیلئے کم از کم بیس کروڑ روپے کے فنڈز منظور کرائینگے تقریب سے سابق صوبائی وزیر ضیا اللہ آفریدی،سابق ضلع ناظم حاجی عمر مہمند اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اور مئیر پشاور حاجی زبیر علی کا علاقہ کا دورہ کرنے عوامی مسائل معلوم کرنے اور ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔؎

پشاور(سٹاف رپورٹر)گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی گزشتہ روز سنٹرل جیل پشاور کا دورہ کیا اور جیل کے مختلف بلاکز، قیدیوں کی بارکوں کا معائنہ کیا اور قیدیوں سے ملاقاتیں بھی کیں، گورنر نے جیل کے کچن میں قیدیوں کیلئے تیار کی جانے والی روٹی، سالن اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کا بھی جائزہ لیا۔ گورنر کے دورہ جیل کے موقع پر انکے ہمراہ نگران صوبائی وزراء جسٹس(ر) ارشاد قیصر، عبدالحلیم قصوریہ، نگران وزیراعلٰی کے مشیر جیل خانہ جات حاجی ہدایت اللہ خان اور سابق صوبائی وزیر ضیاء اللہ خان آفریدی بھی موجود تھے۔ سنٹرل جیل پشاور پہنچے پر گورنر اور صوبائی وزراء کا انسپکٹر جنرل جیل عثمان مسعود، سپرنٹنڈنٹ جیل مقصود الرحمان نے استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا، اس موقع پر گورنر اور نگران صوبائی وزراء کو پولیس کیجانب سے سلامی بھی پیش کی گئی،سپرنٹنڈنٹ جیل کیجانب سے گورنراور نگران وزراء کو جیل میں قیدیوں کی تعداد و کیفیت جرم، دستیاب وسائل، سیکورٹی نظام اور جیل عملہ کی تعداد و خدمات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ قیدیوں کیلئے جیل میں موجود اسکلڈ ڈیویلپمنٹ سنٹر، منشیات کے عادی قیدیوں کیلئے بحالی سنٹر، علاج معالجہ کی سہولیات، خواتین قیدیوں کیلئے ڈینٹل چئیر سے متعلق بھی تفصیلات بتائی گئیں۔ اس موقع پر جیل انتظامیہ کیجانب سے گورنر کو جیل میں میڈیکل اشیاء کی قلت، جیمبرز کی تنصیب، واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب، کانفرنس روم و کمپیوٹر لیبارٹری کے قیام، روڈ کی تعمیر اور مینٹل ہسپتال کی منتقلی کے مطالبات بھی پیش کئے گئے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ سنٹرل جیل کی مجموعی حالت میں کافی فرق نظر آیا ہے، قیدیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہمارے اوپر حق بنتا ہے،گورنر کا آئینی منصب سنبھالنے سے پہلے بھی سنٹرل جیل کا متعدد بار دورہ کر چکا ہوں کیا اور جیل میں مسجد کی تعمیر کے ساتھ مشکلات و مسائل کو حل کیا تھا، اب بھی درپیش تمام مسائل و مشکلات کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے جیل میں صاف پانی کے پینے کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے جیل میں سولر ٹیوب ویل لگانے کا اعلان کیا، گورنر نے قیدیوں کو سخت گرمی سے محفوظ رکھنے اور پر فضا ماحول کیلئے جیل میں 3000 سایہ دار پودے فراہم کر کے فوری لگانے کا اعلان بھی کیا، انہوں نے جیل انتظامیہ کو خالی اراضی پر سبزہ زار بنانے کی بھی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں گورنر نے پشاور کے علاقے گلبہار کا دورہ کیا اور نگران صوبائی وزراء منظور آفریدی، حامد شاہ، مئیر پشاور حاجی زبیر علی، معاون خصوصی ملک مہر الہی کے ہمراہ ختم نبوت چوک سے گڑھی آفریدی سرسید چوک تک سڑک کی تعمیر و بحالی منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میئر پشتخرہ ہارون صفت، سابق صوبائی وزیر مولانا امان اللہ حقانی،مولانا حسین احمد مدنی، مختلف این سیز کے چئیرمین سمیت منتخب بلدیاتی نمائندے، تاجر تنظیموں کے عہدیداران،سیاسی وسماجی شخصیات اور علاقہ معززین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ گلبہار پہنچنے پر عوام علاقہ نے گورنر، نگران صوبائی وزراء، مئیر پشاور اور دیگر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور عوامی مطالبے پر سڑک کی تعمیر کے افتتاح پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔بعد ازاں گورنر اور میئر پشاور نے چارسدہ روڈ کا بھی دورہ کیا اورحاجی آباد میں الف جان روڈ کی تعمیر و مرمت منصوبہ کا بھی افتتاح کیا،اس موقع پر نگران صوبائی وزیر فضل الٰہی، سابق صوبائی وزیر ضیاء اللہ آفریدی سمیت سیاسی، سماجی رہنماؤں سمیت عوام علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی،افتتاح کے بعد پشاور فروٹ ایسوسی ایشن کے صدر الف جان کے حجرہ پر ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پشاور شہر نے صرف یہاں کے باسیوں کا نہیں بلکہ پورے صوبہ کے عوام کا مشترکہ شہر ہے، اس شہر نے پورے صوبہ کے عوام کو اپنے دامن میں جگہ دی ہوئی ہے، اس شہر کی ترقی یقینی بنائیں گے اور پشاورکو حقیقی معنوں میں دوبارہ پھولوں کا شہر بنائیں گے جس کیلئے نگران وزیراعلی، نگران وزراء اور مئیر پشاور حاجی زبیر علی خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بحیثیت ناظم اعلیٰ بلاامتیاز پشاور کی ترقی و خوبصورتی کیلئے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے تھے اور اب بحیثیت گورنر وفاق، صوبائی حکومت کے تعاون سے پشاور سمیت صوبے کی عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کرتاہوں گا۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ چند سالوں سے ہمارے معاشرے سے شائستگی، اقدار اور روایات کا خاتمہ ہوا ہے، ہماری روایات ہی ہمارے لئے رول ماڈل ہیں اور نوجوانوں اور عوام پر زور دیا کہ وہ شایستگی اور اقدار کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔اس موقع پر گورنر نے پرتپاک استقبال پر گلبہار اور حاجی آباد کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور مئیر پشاور اپنی عوام کے درمیان ہر وقت موجود ہیں اور انشاء اللہ عوامی مسائل کے خاتمہ اور مجموعی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔