امریکی عدالت کی طرف سے ڈاکٹر فائی کی رہائی کا خیرمقدم

امریکی عدالت کی طرف سے ڈاکٹر فائی کی رہائی کا خیرمقدم

سری نگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماﺅں نے ایک امریکی عدالت کی طرف سے کشمیری امریکن کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام نبی فائی کی رہائی کا خیر مقدم کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری بیان میں ڈاکٹر فائی کو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا ایک سچا ترجمان قرار دیا۔ا نہوں نے کہا کہ وہ انکی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بزرگ رہنما نے کہا کہ ڈاکٹر فائی کشمیرکے ایک مخلص ترجمان ہیں اورکشمیر کاز کے لیے انکی خدمات شاندار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فائی امریکہ میں قیام کے دوران کشمیر کی متنازعہ حیثیت اور کشمیر یوں سے کیے گئے بھارتی وعدوں کی بات کرتے رہے۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ پوری کشمیری قوم کو ان پر فخر ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ ڈاکٹر فائی کی رہائی اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیریوں کی جد وجہد سچائی پر مبنی ہے اور بھارت کو امریکی عدالت کے فیصلے سے سبق حاصل کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے سے فوجی انخلا کرنا چاہیے۔ جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکی عدالت کی طرف سے ڈاکٹر فائی کی رہائی کا فیصلہ ایک مثبت پیش رفت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فائی کشمیر کاز کے لیےخلوص کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں اور کشمیری انکی رہائی کے فیصلے سے خوش ہیں۔ دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی نے سرینگر میں ایک بیان میں امریکی عدالت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ ایک اچھی پیش رفت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فائی امریکہ میں کشمیرکا ز کے لیے کام کر رہے ہیں او ر انکی رہائی ایک اچھا قدم ہے۔ دریں اثنا آزاد جموںو کشمیر کے وزیر اعظم چودھری عبدالمجید اورقانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن رہنما راجہ فاروق حیدر خان نے بھی ڈاکٹر فائی کی رہائی کے امریکی عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے،یا د رہے کہ ڈاکٹر غلام نبی فائی کو امریکی ایف بی آئی نے امریکہ کے چند قوائد پر عمل نہ کرنے کی بنا پر 19جولائی 2011کو گرفتار کیا تھااور انہیں مارچ2012میں دو برس کے لیے جیل بھیجا گیا تھا۔22نومبر کو ورجینیا کی ایک عدالت نے ڈاکٹر فائی کی مزید ساڑھے چھ ماہ کی سزا ختم کرتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات دیے۔ فاضل جج نے اس موقع پر ڈاکٹر فائی کی کشمیر کاز کے لیے خدمات کو بھی سراہا۔

مزید : عالمی منظر