ایران، حزب اللہ شامی عوام کے قتل عام میں ملوث ہیں، اخوان المسلمون

ایران، حزب اللہ شامی عوام کے قتل عام میں ملوث ہیں، اخوان المسلمون

دمشق(آن لائن)شام میں اخوان المسلمون کے سربراہ محمد ریاض الشقفہ نے اپنے ملک میں جاری خون خرابے اور نہتے شہریوں کے قتل عام کی ذمہ داری ایران اور لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ پرعائد کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے علم بردار شام میں نسل کشی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ میرا مطالبہ ہے کہ ایران اور حزب اللہ شام کی جنگ سے فوری طورپر نکل جائیں۔شامی اخوان کے سربراہ نے ان خیالات کا اظہار"العربیہ " ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ انہوں نے ایران اور حزب اللہ پر شام کی جنگ میں شامل ہونے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ شام سے نکل جائیں ورنہ شامی عوام انہیں ذلت کے ساتھ نکال باہر کریں گے۔محمد ریاض الشقفہ کا کہنا تھا کہ جو ملک اور تنظیمیں صدر بشارالاسد کی حمایت اور مدد کر رہی ہیں وہ شامی عوام کے قتل عام کے جرم میں برابر کی شریک ہیں۔ ایران خود کو ایک انقلابی ریاست باور کراتا ہے لیکن وہ بشارالاسد کے خلاف عوامی انقلاب کو طاقت کے ذریعے کچلنے میں مدد بھی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک شام میں کشت وخون کی جتنی ذمہ داری بشارالاسد پرعائد ہوتی ہے۔ اتنی ہی ایران اور حزب اللہ پر بھی عائد ہوتی ہے۔ حزب اللہ فلسطین کی آزادی کی علمبردار سمجھی جاتی ہے لیکن وہ قتل عام شامی شہریوں کا کر رہی ہے۔ حسن نصراللہ فلسطینیوں کی جنگ شام میں لڑ رہے ہیں۔شام کے محاذ جنگ پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں سوال کے جواب میں اخوان المسلمون کے سربراہ نے کہا کہ "انقلابیوں اور بشارالاسد کے وفاداروں کے مابین جنگ بھرپور طریقے سے جاری ہے لیکن جیش الحرکو تمام محاذوں پر سبقت حاصل ہے اور وہ پیش قدمی کرر ہی ہے۔

مزید : عالمی منظر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...