مواصلاتی آلات سے لیس غبارے کی مدد حاصل کرنے کی خبروں نے صہیونی ایوانوں میں ہلچل مچا دی

مواصلاتی آلات سے لیس غبارے کی مدد حاصل کرنے کی خبروں نے صہیونی ایوانوں میں ...

 غزہ (این این آئی) حماس کی جانب سے اسرائیلی فوج کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کےلئے جدید مواصلاتی آلات سے لیس غبارے کی مدد حاصل کرنے کی خبروں نے صیہونی ایوانوں میں ہلچل مچادی ۔اسرائیل کے کثیرالاشاعت اخبار یروشلم پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ حماس جلد ہی مواصلاتی غبارے کی مدد سے اسرائیلی فوجی کیمپوں اور یہودی کالونیوں کی جاسوسی کا کام شروع کرنے والی ہے۔ حماس کی جانب سے انٹیلی جنس کے میدان میں یہ اہم ترین پیش رفت قرار دی جا رہی ہے جس کے بعد حماس اور صہیونی فوج کے درمیان سراغ رسانی کے میدان میں مقابلے کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو جائےگااسرائیلی فوج کے غزہ کی پٹی کی نگرانی کےلئے تعینات بریگیڈ کے کمانڈر کرنل ھاموس ھکوہین نے تسلیم کیا کہ حماس کے جنگجو ہاتھ باندھ کرخاموشی سے نہیں بیٹھے ۔

فلسطینی مزاحمت کاروں نے انٹیلی جنس کے میدان میں حیران کن کامیابی حاصل کرنے کے بعد اسرائیلی فوج کو بھی اس میدان میں مات دے دی ہے۔ انہیں یہ اطلاعات ملی ہیں کہ حماس جدید مواصلاتی آلات اور کیمروں سے لیس جاسوس غبارے تیار کرکے فضا میں چھوڑنا چاہتی ہے جن کا مقصد اسرائیلی فوج کی نقل وحرکت پرنظر رکھنا ہے۔ فوجی افسر کا کہنا تھا کہ 45میٹر بلندی تک فضا میں رہنے والے یہ غبارے حماس اور دیگر مزاحمت کاروں کو فوج کے بارے میں اہم ترین معلومات فراہم کرسکتے ہیں جس کے نتیجے میں فوج کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں کیونکہ یہ غبارے صرف نگرانی کےلئے استعمال نہیں ہوں گے بلکہ ان کی نشاندہی پر فوجی تنصیبات کو نشانہ بھی بنایا جاسکتا ہے۔ایک دوسرے فوجی عہدیدار لیفٹیننٹ کرنل ٹومر کا کہنا ہے کہ حماس نے انٹیلی جنس کے میدان میں ایک طویل سفرطے کرنے کے بعد بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ حماس کے جاسوس ماضی میں بھی اسرائیلی فوجی تنصیبات اور اہم ٹھکانوں کی معلومات حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ اب مزاحمت کاروں کی جانب سے جدید مواصلاتی آلات کے استعمال سے اسرائیلی فوج کو لاحق خطرات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

مزید : عالمی منظر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...