پاک ایران گیس پائپ لائن میں نئی پیش رفت کے امکانات روشن ہوگئے
اسلام آباد(این این آئی) پاک ایران گیس پائپ لائن میں نئی پیش رفت کے امکانات روشن ہوگئے۔ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان معاہدے کے بعد امریکہ نے کہا کہ ایران سے معاہدے کے بعد تہران دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی منصوبے مکمل کر سکتا ہے۔ امریکی صدر براک اوباما کے مطابق ایران سے معاہدہ مثبت ہے، جس کے بعد اس پر عائد اقتصادی پابندیاں نرم کر دی جائیں گی اور ایران کو اختیار ہوگا کہ وہ مختلف ممالک سے اپنے دیگر تجارتی معاہدوں پر عمل کر سکے، اس سے قبل وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہاتھا کہ پاکستان ایران سے گیس پائپ لائن کے لئے پرعزم ہے، تاہم بین الاقوامی خطرات کے باعث منصوبے میں رکاوٹیں حائل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا، اقوام متحدہ اور یورپی ملکوں کی جانب سے پاکستان پر اقتصادی دھمکیوں کے باعث منصوبہ آگے نہیں بڑھ پارہا، تاہم اب پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ آگے بڑھنے کا قوی امکان ہے ادھر تہران بھی گیس کی قیمت دوبارہ طے کرنے کے لئے اسلام آباد کو مذاکرات کی پیش کش کر چکا ہے۔