برطانوی اٹارنی جنرل نے پاکستان کیخلاف بیان دینے پرمعافی مانگ لی

برطانوی اٹارنی جنرل نے پاکستان کیخلاف بیان دینے پرمعافی مانگ لی

لندن (آئی این پی )برطانیہ کے اٹارنی جنرل ڈومینیک گریو نے پاکستان کیخلاف نفرت انگیز بیان دینے پر پاکستانیوں سے معافی مانگ لی۔اتوار کو عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے اٹارنی جنرل ڈومینیک گریو نے کہا ہے اگر ان کے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو وہ معذرت خواہ ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی نے برطانیہ کی ترقی میں اہم کرداراداکیا۔ انہوں نے کہاکہ سیاستدانوں کو ملک کی اقلیتی برادریوں میں بدعنوانی کے مسائل کا ادراک کرنے ضرورت ہے۔ اس سے قبل برطانوی اٹارنی جنرل کے پاکستانیوں کو کرپشن سے جوڑنے کے بیان پر لیبر اراکین پارلیمنٹ کا شدید ردعمل سامنے آیا اور انھوں نے اٹارنی جنرل سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔اٹارنی جنرل ڈومینیک گریو نے برطانوی اخبار کو انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستانی برادری میں بد عنوانی کے مسائل ہیں۔اور سیاستدانوں کو اس کا ادراک کرنے کی ضرورت ہے۔تاہم برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی اور اراکین پارلیمنٹ کے شدید ردعمل کے بعد اٹارنی جنرل نے اپنا بیان واپس لے لیا۔انہوں نے کہاکہ اگرانھوں نے یہ تاثردیاکہ پاکستانی کمیونٹی میں کوئی مسئلہ ہے،تووہ غلط تھے۔ اگراس سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو معذرت چاہتاہوں۔انھوں نے مزید کہاکہ پاکستانی کمیونٹی نے برطانیہ کی ترقی میں اہم کرداراداکیاہے

مزید : صفحہ اول