سکھ یاتری وطن واپس روانہ ‘واہگہ بارڈر پر پاکستان زندہ آباد کے نعرے

سکھ یاتری وطن واپس روانہ ‘واہگہ بارڈر پر پاکستان زندہ آباد کے نعرے

لاہور (آئی اےن پی) با با گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی 544ویں تقریبات کے سلسلہ میں بھارت سمیت دنیا بھرسے آئے تقریباً 3000 کے قریب سکھ یاتری اپنی یاترا مکمل کرنے کے بعد محبتیں سمیٹتے ہوئے ،خوبصورت یادیں لیے وطن واپس روانہ ہو گئے۔سکھ یاتری بذریعہ سمجھوتہ ایکسپریس واہگہ بارڈر سے بھارت روانہ ہوئے متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکٹری شرائنز خالد علی ،پاکستان سکھ گورد وارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار شام سنگھ،سید فراز عباس ،اظہر نذیر سلہری ،پبلپی آر اوعامر حسین ہاشمی و دیگر اعلی افسران نے انہیں رخصت کیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی لیڈر سردار بلویندر سنگھ نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں جو عزت و پیار ملا ہے وہ زندگی بھر نہیں بھول سکتے جس پرہم وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈسکندر اسماعیل کے بے حد شکر گزار ہیں۔ہمیں پاکستان اپنا گھر لگتا ہے،ہم اپنے گور و کے سامنے دعا گو ہیں کہ پاکستان بھارت تعلقات میں بہتری آئے اور محبت اور رواداری کا رشتہ قائم ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے عزت افزائی اور ہماری مہمان نواز ی کی مثال قائم کی ہے ۔ پاکستا ن میں ہمیں جو آج مذہبی آزادی ،عزت و تحفظ حاصل ہے اور جو ترقیاتی کام ہوئے ہیںوہ قابل تعریف ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ محبتوں کایہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ ڈپٹی پارٹی لیڈر سردارجسویر سنگھ نے کہاکہ گوروکی دھرتی سے ہماری یادیں وابستہ رہتی ہیں اور ہمارے گورو کی دھرتی سے ہمارا ناطہ کوئی نہیں توڑ سکتا۔ محرم الحرام میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ہما رے لیے ہر طرح سے بہترین انتظامات کئے گئے جس پر ہم حکومت پاکستان کے بے حد شکر گزار ہیں ۔ہمارے گوردواروں کی دیکھ بھال اور تعمیر و ترقی کیلئے جو کام کئے گئے ہیں اس پر ہم ان کے احسان مند ہیں۔ اس کے ذریعے سکھ مسلم دوستی کا رشتہ مضبوط ہو گا،یاترا کے لیے آئے دیگر سکھ افراددلجیت سنگھ ،سورن سنگھ ،ساگر سنگھ ،گروجیت سنگھ نے کہا کہ یہاں ہمارے گورد وارے بہت خوبصورت ہیں ۔ہماری رہائش کیلئے نئے رہائش بلاکس کی تعمیر ،لنگر ہال،ٹرانسپورٹ ،سکورٹی و دیگر بہترین رہائشی سہولیات فراہمی کی گئیں جس پر ہم چیئر مین مترکہ وقف املاک سکندر اسماعیل کے بے حد شکر گزار ہیں۔ سکھ یاتری اپنی آنکھوں میں خوشی کے آنسو اور حسین یادوں کے ساتھ ”پاکستان زندہ باد “ ،”سکھ مسلم دوستی زندہ باد “کے نعرے لگاتے ہوئے واپس روانہ ہو گئے۔

سکھ یاتری

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...