پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کا انتخابی عمل مکمل ہو گیا

پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کا انتخابی عمل مکمل ہو گیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) عدالتی احکامات کے بعد پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام لاہور کے مقامی ہوٹل میں پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کا انتخابی عمل مکمل ہو گیا جس میں پاکستان ٹیم کے سابق کپتان بریگیڈئر (ر) رشید علی ملک صدر، خالد بشیر سیکرٹری جبکہ دین محمد خزانچی کے عہدہ پر بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے الیکشن کمشن جن میں چودھری یعقوب، خاور شاہ، خلیل احمد، پائندہ ملک اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے ہونے والے انتخابات کو مانیٹر کیا۔ اس موقع پر دیگر عہدوں پر منتخب ہونے والے افراد میں محمد افتخار منصور سینئر نائب صدر، امتیاز بٹ، عبدالناصر، ریاض شیروانی ایسوسی ایٹ سیکرٹری منتخب ہوئے۔

 پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کی جانب سے سلیکشن کمیٹی اور ریفری بورڈ کے ممبران کا بھی اعلان کیا گیا۔ سلیکشن کمیٹی میں آغا ارشد، مدود جعفری، اعجاز ملک، عمران افضل اور کرنل (ر) شجاعت علی رانا جبکہ ریفری بورڈ میں سراج الحق قریشی، محمد رشید، یعقوب قادری، طارق نواز، آصف اقبال، فقیر محمد اور احمد نواز شامل ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی