پرویزرشید اے این پی کی راہ چھوڑ کر واپس ن لیگ میں آجائیں : طالبان

پرویزرشید اے این پی کی راہ چھوڑ کر واپس ن لیگ میں آجائیں : طالبان
پرویزرشید اے این پی کی راہ چھوڑ کر واپس ن لیگ میں آجائیں : طالبان

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہداللہ شاہدنے کہاہے کہ وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے عوامی نیشنل پارٹی کی راہ اختیار کرلی ہے ، بہترہے کہ واپس مسلم لیگ ن میں آجائیں ۔طالبان کے بیان کے بعد کسی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں پرویز رشید نے مقدمہ عمران خان کے خلاف درج کرانے کااعلان کردیاجبکہ تحریک انصاف نے وفاقی وزیرکابیان مستردکردیا۔ نامعلوم مقام سے ٹیلی فونک گفتگوکرتے ہوئے شاہداللہ شاہد نے پرویزرشید کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ پرویز رشید اے این پی کا موقف دہرارہے ہیں ، بہترہے کہ وہ یہ راستہ اختیار نہ کریں ۔ وہ طالبان کو اکسارہے ہیں ۔ یادرہے کہ پرویز رشید نے کہاتھاکہ قبائلی علاقوں میں غیر ملکی پاکستان کی رٹ چیلنج کررہے ہیں ۔ طالبان کے بیان کے بعد پرویز رشید نے کہاہے کہ اُن پر کسی قسم کا تشددیاکوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آیاتواُس کا مقدمہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف درج کیاجائے گا۔ ن لیگ کے رہنماءکا کہناتھاکہ عمران خان کی سیاست بے نقاب ہونے پر لوگوں کو اُن کے خلاف اکسارہے ہیں ۔ تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے پرویز رشید کے بیان پر حیرت کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ کامیاب دھرنے سے پریشان پرویز رشید عمران خان کے خلاف ہوگئے ہیں ، پیپلزپارٹی کے دورمیںہونیوالے ڈرون حملوں پر تنقید کرنیوالی مسلم لیگ ن نے یوٹرن لے لیاہے ، اُن کے کیے گئے وعدے ہم پورے کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔

مزید : ڈیلی بائیٹس