یونیڈوکے ملکی نمائند کا سمیڈاکے صدردفترکادورہ

یونیڈوکے ملکی نمائند کا سمیڈاکے صدردفترکادورہ

لاہور(کامرس رپورٹر)اقوام متحدہ کی تنظیم برائے صنعتی ترقی ’یونیڈو‘ کے پاکستان میں تعینات نمائیندے مسٹر اصام القرارہ نے یونیڈو، سمیڈااور حکومت اٹلی کے سہ فریقی تعاون کے تحت قائم انویسٹمنت پروموشن یونٹ (آئی پی یو) کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور آئیندہ سال کی منصوبہ بندی کی غرض سے سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے صدر دفتر کا دورہ کیا۔انہوں نے اس موقع پر سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری سے ملاقا ت کی اور آئی پی یو کی بہتری کے حوالے سے انکی آراءحاصل کیں۔سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے زور دیا کہ انویسٹمنت پروموشن یونٹ کی اگلے سال کی سرگرمیوں کامحور مقامی ایس ایم ای سیکٹر ہونا چاہیے۔انہوں نے آئیندہ سال کے ورک پلان میں میرین فیشریز اور جیم اینڈ جیولری کے شعبوں کو بھی شامل کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیڈو۔ سمیڈا اور حکومت اٹلی کے سہ فریقی تعاون سے گزشتہ برس مذکورہ انویسٹمنت پروموشن سمیڈا کے صدر دفتر میں دو سال کی مدت کیلئے کھو لا گیا تھا جس میں سے ایک سال مکمل ہو گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اگلے سال کی سرگرمیوں سے ایس ایم ای سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے خواہاں ہیںاور خواہشمند ہیں کہ اس سلسلے میں نیا ورک پلان اس نکتہ کو مد نظر رکھتے ہوئے تشکیل دیا جائے۔یونیڈو کے نمائیدے اصام القرارہ اور سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری آئی پی یو کے نئے ورک پلان کو مقامی ایس ایم ای سیکٹر کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور اسے حتمی شکل دینے کیلئے اگلے ہفتے ویانا میں یونیڈو کے صدر دفتر کا دورہ بھی کریں گے ۔

یاد رہے کہ یونیڈو ، سمیڈا اور حکومت اٹلی کے اشتراک سے سمیڈا میں قائم انویسٹمنٹ پروموشن یونٹ (آئی پی یو) کا بنیاد ی مقصد ایس ایم ای سیکٹر میں ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن، مشترکہ سرمایہ کاری اور وسائل روزگار کو فروغ دینا ہے۔اس منصوبے کو سمیڈا کی سفارش پر یونیڈو کے پلیٹ فارم پر تشکیل دیا گیا جبکہ اس کیلئے فنڈز کی فراہمی یونیڈو کی سفارش پر حکومت اٹلی نے ممکن بنائی۔

مزید : کامرس