یونائیٹڈ بزنس گروپ تاجر برادری کے مفادات کا بہتر تحفظ کرے گا، عبدالرﺅف

یونائیٹڈ بزنس گروپ تاجر برادری کے مفادات کا بہتر تحفظ کرے گا، عبدالرﺅف

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر، فاﺅنڈر گروپ کے چیئرمین عبدالرﺅف نے کہا ہے کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ آئندہ ہونے والے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے ملک کی تاجر برادری کے مفادات کا بہتر تحفظ کرے گا اور ان کیلئے سازگار کاروباری حالات کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ملک کے چیمبرز اور ٹریڈ ایسوسی ایشنوں کے اعزازمیں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیہ میں اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، چکوال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، وہاڑی، ہری پور، پشاور، چمن، کوہاٹ اور میرپور آزاد کشمیر چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تاجر رہنماﺅں سمیت ملک بھر کی ٹریڈ ایسوسی ایشنوں اور وومن چیمبرز کی قیادت نے شرکت کی۔ عبدالرو¿ف نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کو ملک کے تمام چیمبرز اور ایسوسی ایشنوں کی حمایت حاصل ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کی تاجر برادری کو اس گروپ کی قیادت پر مکمل اعتمادکرتی ہے۔

 اور وہ سمجھتے ہیں کہ یہی گروپ ان کے مفادات کا بہتر تحفظ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کی سرپرستی ملک کے ممتاز تاجر رہنما ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک جیسی شخصیات کر رہی ہیں جنہوںنے تاجر برادری کے لئے گران قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور چیئرمین افتخار علی ملک جمہوری طریقے سے ایسے پیشہ وار تاجر رہنماﺅں کو ایف پی سی سی آئی کی قیادت کیلئے آگے لائیں گے جو صنعت و تجارت کے مفادات کو مزید بہتر طریقے سے فروغ دینے کیلئے کام کریں گے۔ عبدالرو¿ف نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ نے ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی رہنمائی میں ایک مکمل جمہوری طریقے سے میاں محمد ادریس کو ایف پی سی سی آئی کی آئندہ صدارت کیلئے متفقہ امید وار نامزد کیا ہے جو فیڈریشن کو ایک فعال ادارہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ملک کی تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات میں میاں محمد ادریس کو واضح اکثریت سے کامیاب کروائیں تاکہ بزنس کمیونٹی کا یہ ملک کا سب سے بڑا نمائندہ ادارہ کاروباری برادری کے مفادات کو پروان چڑھانے اور تاجر برادری کو ان کے حقوق دلانے میں ایک فعال کر دار ادا کر سکے اور تاجر و صنعتکار ایک سازگار ماحول میں کاروبار کو فروغ دے سکیں۔

(mrt/jav/yas/zri 1520:14)

مزید : کامرس