نیوٹیک نے پہلی قومی فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کی پالیسی تیار کر لی

نیوٹیک نے پہلی قومی فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کی پالیسی تیار کر لی

لاہور(کامرس ڈیسک)ملک بھر میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے اصلاحاتی پروگرام سے متعلق نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کی قائم کردہ پروگرام سٹیئرنگ کمیٹی کاپانچواں اجلاس یہاں نیوٹیک ہیڈ کوارٹر ز میں منعقد ہوا - اجلاس کی صدارت نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد امتیاز تاجور نے کی - جبکہ یورپی یونین کوآپریشن کے سربراہ مسٹر برناڈ فرانکوئس نے اجلاس کی صدارت میں معاونت کی-جلاس کے اہم مقاصد میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے اصلاحاتی پروگرام کے تحت ملک بھر میں نیوٹیک اور دوسرے متعلقہ صوبائی اداروں کے ذریعے جاری پروگراموں کی کار کردگی کا جائزہ لینا اور فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے فروغ کیلئے نجی شعبہ کی شرکت سے متعلق ٹاسک فورس کی پیش کردہ سفارشات کا جائزہ لینا بھی شامل تھا -واضح رہے کہ فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے فروغ کے سلسلے میں یہ اصلاحاتی پروگرام ملک بھر میں یورپی یو نین ‘ ہالینڈ ‘ جرمنی اور ناروے کی مالی امداد سے جاری ہے جبکہ اس اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کی مشترکہ ذمہ داری نیوٹیک اور جی آئی زیڈ پر ہے -نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد امتیاز تاجور نے اجلاس کے شرکاءکو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہہ ملک میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے فروغ کیلئے جاری اصلاحاتی پروگرام کی کامیابی صرف نجی شعبہ کی عملی شرکت سے ہی ممکن ہے انہوں نے پاکستان میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے فروغ کیلئے جاری اصلاحاتی پروگرام کی کامیابی میں یورپی یونین ‘ جرمنی ‘ ہالینڈ اور ناروے کے کردار کو سراہا -

فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے ملک بھر میں فروغ کیلئے جاری اصلاحاتی پروگرام کے تحت ابتک حاصل کی گئی اہم کامیابیوں سے متعلق نیوٹیک ‘ صوبائی ٹیوٹاز ‘ پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل ‘ ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان اور ویب کوپ نے اجلاس کے شرکاءکو آگاہ کیا -نیو ٹیک کے معیار اور نصاب سازی اور ایکریڈیٹیشن اینڈ سرٹیفکیشن کے ڈائریکٹر جنرل نے نیوٹیک کی جانب سے اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس کے شرکاءکو آگاہ کیا-انہوں نے اجلاس کے شرکاءکو بتایا کہ نیوٹیک نے ابتک جو اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں ان میں پہلی قومی فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کی پالیسی کی تیاری ‘ نیشنل ووکیشنل کو الیفکیشن فریم کے ڈرافٹ کی تیاری ‘ اہلیت کی بنیاد پر 60 فنی و پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں کی تیاری اور ملک بھر میں 210 مختلف پیشوں میں 58 سے زائد سرکاری و نجی شعبہ کے ووکیشنل ٹریننگ اداروں کی ایکریڈیٹیشن شامل ہیں -    

مزید : کامرس