خیبر پی کے سے فیڈریشن کے90 فیصد ممبران کی بزنس کی حمایت کا اعلان

خیبر پی کے سے فیڈریشن کے90 فیصد ممبران کی بزنس کی حمایت کا اعلان

              لاہور(کامرس رپورٹر)پشاور میں سینیٹر غلام علی کے عظیم الشان استقبالیہ میں کے پی کے سے فیڈریشن کے 90فیصد ممبران نے بزنس مین پینل کے صدارتی امیدوار میاں انجم نثار کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ اس موقع پر ممبران سے خطاب کرتے ہوئے فیڈریشن کے صدر ذکریاعثمان نے بتایا کہ گزشتہ برسوں کی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے لوگ بزنس مین پینل کی حمایت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ سینٹر غلام علی نے بزنسمین پینل کی حمایت کا اعلان کرنے کیلئے بزنس مین گروپ کے چیئرمین طارق سعید،فیڈریشن کے صدارتی امیدوار میاں انجم نثار صوبہ خیبر پختونخواہ سے فیڈریشن کے ایگزیکٹو ا ور جنرل باڈی ممبران کے علاوہ چاروں صوبوں اور گلگگت بلتستان سے فیڈریشن ممبران کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا ۔ اس موقع پر سندھ سے فیڈریشن کے 22 ممبران، پنجاب سے 25 ممبران، خیبر پختونخواہ سے 26 ممبران، بلوچستان سے 10ممبران اور گلگت بلتستان سے چار رکنی وفد نے شرکت کی ۔اپنے خطاب میں سینیٹر غلام علی نے چیئرمین طارق سعید کی چالیس سالہ خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چالیس سال میں بزنس کمیونٹی میں اپنا نام کمایا ہے کبھی دولت کے پیچھے نہیں دوڑے ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں صدارتی امیدوار میاں انجم نثار کی لاہور چیمبر کے صدر کی حیثیت سے بے لوث خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اعلان کیاکہ وہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے تمام دوستوں سمیت بزنسمین پینل کے صدارتی امیدوار میاں انجم نثار کی بھرپور حمایت کریں گے - سینیٹر حاجی عدیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں صنعت کی صورت حال کافی خراب ہے ۔ صوبہ دھشت گردی کا شکار ہونے کی وجہ سے معیشت کو بہت زیادہ دھچکا لگا ہے تاہم سینیٹر عدیل نے امید کی کہ فیڈریشن میں نئی قیادت آنے سے ہمارے صوبہ میں صنعتوں کی بحالی کے امکانات روشن ہو ں گے - فیڈریشن کے صدر مسٹر ذکریا نے اپنے خطاب میں مسٹر طارق سعید کی قائدانہ صلاحیتیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ جب تک طارق سعید کاروباری سیاست میں ہیں میں ان کے ساتھ رہوں گا - استقبالیہ سے خطاب میں فیڈریشن کے صدارتی امیدوار میاں انجم نثار نے سینیٹر غلام علی کا شکریہ ادا کیا انہوں نے عظیم الشان تقریب کا اہتمام کیا - ان کی طرف سے بزنس مین پینل کی حمایت نے کامیابی کے امکانات روشن کر دیئے ہیں -

 میاں انجم نثار نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ جو منصب سمبھالا اسے دیانت داری سے وقت دیا اور بزنس کمیونٹی کے مفاد میں اسے بھرپور طریقے سے استعمال کیا - انہوں نے اعلان کیاکہ انشاءاللہ دوستوںسے مشاور ت جاری رہے گی - سب کی فیڈ بیک سے فیڈریشن کو مضبوط بنائیں گے - ملک میں سرمایہ کا ری کا فقدان ہے - اس فقدان کو دور کرنے کے لیے جد و جہد میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے تاکہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں - انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ آبی وسائل سے مالا مال ہے - حکومت کی توجہ اور تعاون سے ان وسائل کو ملکی ترقی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

مزید : کامرس