ن لیگ ،پی ٹی آئی اور 28امیدواروں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال نہ کرنے کی استدعا مسترد
لاہور(نامہ نگار)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122کی ریٹرننگ افسر شاہدہ سعید نے اس حلقے کے ریکارڈ کی دوبارہ جانچ پڑتال کے دوران مسلم لیگ (ن) اورپاکستان تحریک انصاف کے علاوہ دیگر 28امیدواروں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال نہ کرنے کی استدعا مسترد کر دی ۔ ریٹرننگ افسر شاہدہ سعید نے عمران خان کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست پر کارروائی شروع کی تو عمران خان کے وکیل کی جانب سے ریٹرننگ افسر کو آگاہ کیا گیا کہ عمران خان نے این اے 122میں انتخابی دھاندلی کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں درخواست دے رکھی ہے اس حلقے کے کسی اور امیدوار نے اس حوالے سے درخواست دائر نہیں کی،الیکشن ٹربیونل اس حلقے کے ریکارڈ کی دوبارہ جانچ پڑتال کا حکم جاری کر چکا ہے لہٰذا اس حلقے سے قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق اور عمران خان کے انتخابی ریکارڈ کی ہی دوبارہ جانچ پڑتال کی جائے دیگر امیدواروں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال غیر قانونی ہے تاہم ریٹرننگ افسر نے عمران خان کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آج تک کے لئے ملتوی کرتے ہوئے دیگر امیدواروں کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔