مہنگی بجلی ،بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، ناصر رمضان گجر

مہنگی بجلی ،بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، ناصر رمضان گجر

لاہور ( جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے یکم نومبر سے بجلی کی قیمتوں میں 1.80روپے اضافہ پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگی بجلی ،بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے بجلی کی قیمتوں میں 1.80روپے فی یونٹ اضافہ سے عوام پر 31ارب کا اضافی بوجھ ظلم ہے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات 4سال کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے لیکن حکومت نے کمی انتہائی کم کی، اب یکم دسمبر سے کمی کی نوید سنائی جارہی ہے لیکن حیرانی کی بات ہے کہ پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے باوجود بجلی مہنگی کی جارہی ہے حالانکہ اس سے قبل فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں ہر ماہ ہوشربا اضافہ کیا جاتا رہا ہے لیکن پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے باوجود بجلی کی قیمتوں میں کوئی کمی نہ کی گئی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی اسی تناسب سے کمی کی جائے اور فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں اب تک کیئے گئے تمام اضافے واپس لے کر بجلی سستی کی جائے تاکہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا ریلیف عوام تک پہنچ سکے۔

ناصر رمضان گجر نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضوں کے حصول کے لیئے بجلی مہنگی کرکے عوام کو قربان نہ کیا جائے کیونکہ مہنگی بجلی کے باعث بجلی بلوں کی ادائیگی سفید پوش اور غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے۔انہوںنے کہا کہ اگر حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی تو بجلی کی قیمتوںمیں اضافہ کرکے تکلیف بھی نہ دے

مزید : میٹروپولیٹن 4