حکومت فرسٹ ویمن بینک کو بچانے کے لئے اقدامات کرے،خدیجہ فاروقی

حکومت فرسٹ ویمن بینک کو بچانے کے لئے اقدامات کرے،خدیجہ فاروقی

لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ( ق )کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی صدر مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے اس امر پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ناقص پالیسیوں کے باعث پاکستان کا اکلوتا فرسٹ وومن بنک بھی دیوالیہ ہوگا جبکہ حکومت خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے صرف کاغذی اعلانات و بیانات تک محدود ہے فرسٹ وومن بنک 25 سال قبل خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے قائم ہوا تھا لیکن موجودہ حکومت کے دور میں اس کی مالی حالت انتہائی مخدوش ہوچکی ہے جس سے کھاتہ داروں میں بھی سخت تشویش پائی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ اس امر کی بھی انکوائری ہونی چاہیے کہ ایک ڈوبتے ہوئے بنک میں بھاری تنخواہوں پر کس کی سفارش پر لوگ تعینات کیے جارہے ہیں۔

فرسٹ وومن بنک کی خراب صورتحال کے پیش نظر گھریلو صنعتوں کے فروغ کیلئے حکومت خواتین کو سود فری قرضے فراہم کرے۔خدیجہ فاروقی نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اور اسٹیٹ بنک فرسٹ وومن بنک کو بچانے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے بلندو بانگ دعوے تو کرتی ہے لیکن عملی طور پر سب کچھ اس کے برعکس ہے ۔پنجاب کابینہ میں خواتین کی نمائندگی صرف ایک خاتون کرتی ہے اسے بھی فیصلہ سازی کے عمل سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ چوہدری پرویز الہٰی کے دور حکومت میں پنجاب کابینہ میں 6وزیر خواتین تھیںجنہیں بھر پور کام کرنے کا م کرنے کا موقع فراہم کیا گیاتھا۔ انہوںنے بہاولپور میں سب سے بڑے جلسہ کے انعقاد پر مسلم لیگی کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ اسی طر ح اپنی عوام رابطہ مہم کے سلسلہ میں مختلف اضلاع میں اجتماعات کا انعقاد کر ے گی اور بلدیاتی انتخابات کیلئے اپنی بھر پور تیاریاں جاری رکھے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1