میڈسول کنسلٹنٹ کے زیر اہتمام آپولو ہسپتال کے انفارمیشن اینڈ ٹیلی میڈیسن سنٹر کا افتتاح
لاہور (پ ر) آپولو ہسپتال نئی دہلی انڈیا نے لاہور میں میڈ سول کنسلٹنٹ کے تعاون سے لاہور میں آپولو ہسپتال کے پہلے انفرمیشن اینڈ ٹیلی میڈیسن سنٹر کا آغاز کر دیا گیا جسکا افتتاح گزشتہ روز آپولو ہسپتال انڈیا کے گروپ میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انوپم سبل نے کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپولو ہسپتال انڈیا میں ٹیلی میڈیسن کی سہولیات فراہم کرنے والا سب سے بڑا گروپ ہے اور اب ہسپتال اپنی سپر سپیشلسٹ سروسز کو بیرون ممالک تک وسیع کر رہا ہے تاکہ شعبہ صحت میں تکنیکی ترقی سے مریضوں کے لئے آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے آپولو ہسپتال میں آنے والے لیور ٹرانسپلانٹ کے مریضوں میں تقریباً 29 فیصد پاکستانی ہیں اور آپولو ہسپتال نے اسی سال 500 پاکستانیوں کا لیور ٹرانسپلانٹ انتہائی کامیابی کے ساتھ مکمل کیا ہے ڈاکٹر انوپم سبل نے کہا کہ میڈ سول کنسلٹنٹ شعبہ صحت کے ماہرین پر مشتمل ادارہ ہے جس کے باہمی تعاون سے یہ سنٹر چلایا جائے گا اور اس کے تمام ملازمین مقامی ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں انفرمیشن اینڈ ٹیلی میڈیسن سنٹر کے آغاز سے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے مریضوں کے لئے آسانی پیدا ہو گی اور وہ رپورٹس اور میڈیسن کے بارے میں ماہر ترین ڈاکٹروں سے براہ راست رابطہ کرسکیں گے۔ انفرمیشن اینڈ ٹیلی میڈیسن سنٹر بذریعہ رپورٹس امراض کی تشخیص طریقہ علاج جملہ ضروری کاغذی کارروائی، انڈین ڈاکٹروں پر مشتمل او پی ڈی ٹیلی میڈیسن، ویزہ کے حصول کے لئے رہنمائی اور میڈیکل ٹورازم کے متعلق سہولیات فراہم کرے گا اور پاکستان میں میڈ سول کنسلٹنٹ کے چیف ایگزیکٹو راﺅ عزیز الرحمن ہمارے رابطہ کار ہوں گے۔