ضد اور ذاتی انا کی سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ،شہباز شریف

ضد اور ذاتی انا کی سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ،شہباز شریف

 لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنوں اور احتجاجی سیاست نے معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے اور ایک سازش کے تحت ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈال کر ملک دشمنی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ ذاتی مفادات ملکی مفادات کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتے اورضدا ور ذاتی انا کی سیاست کسی بھی صورت ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ عوام انتشار کی سیاست کرنے والوں کے منفی طرز عمل سے تنگ آ چکے ہیں۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے رہنما و سابق سینیٹر نوابزادہ میر حاجی لشکری رئیسانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہو ں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھرنوں کے ذریعے ملک و قوم کے ساتھ وہ ظلم کیا گیا ہے جو کوئی دشمن بھی نہیں کرتا۔ دھرنے دینے والوں کو اپنے منفی طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے ۔ پاکستان کو اس وقت جن چیلنجز کا سامنا ہے وہاں انتشار یا دھرنا سیاست کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں ے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو عوام نے 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔عوام کے مسائل کے حل اور ان کی خدمت کیلئے دن رات ایک کیا ہوا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کی ترقی و خوشحالی کا سفر مکمل کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کو خو ش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کیلئے تحفہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے سے عوام کو ریلیف ملے گا اورمسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ(ن) کا نصب العین ہے۔وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں عوام کی خدمت کا سفرجاری رہے گا۔ دھرنے والے دیکھتے رہ جائیں گے اورپاکستان آگے نکل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ احتجاج اورانتشار کی سیاست کرنے والوں کو نوشتہ دیوارپڑھ لینا چاہیے۔18کروڑ عوام خدمت کے سفر اورترقی کے راستے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔

مزید : صفحہ اول