سندھ ، صحافیوں کے شناختی کارڈ اور ڈیکلئریشن پر فیس عائد کر دی گئی

سندھ ، صحافیوں کے شناختی کارڈ اور ڈیکلئریشن پر فیس عائد کر دی گئی

حیدرآباد ( رپورٹ علی حسن ) پاکستان کے دوسرے بڑے صوبہ سندھ میں حکومت نے صحافیوں کو ہر سال جاری کئے جانے والے ایکریڈیٹیشن کارڈ پر فیس لگا دی ہے جو سالانہ پانچ سو روپے فی کارڈ وصول کی جائے گی۔ جب کہ اخبارات کے ڈیکلئریشن کے اجراء پر بھی فیس لگا دی گئی ہے۔ حکومت کے جاری کردہ نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ فیس فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔ کسی اور صوبائی حکومت نے اس طرح کی فیسوں کا اب تک نفاذ نہیں کیا ہے۔ پاکستان بھر میں تمام صوبائی حکومتوں اور وفاقی حکومت کے محکمہ اطلاعات صحافیوں کو کارڈ ان کی شناخت اور فرائض کی ادائیگی کے لئے بلا معاوضہ جاری کرتے ہیں اور یہ سلسلہ قیام پاکستان سے جاری ہے۔ لیکن اب حکومت سندھ کارڈ جاری کرنے کی فیس وصول کریگی۔روزنامہ کے لئے 10ہزار روپے، ہفتہ روزہ کے لئے 7 ہزار روپے اور پندہ روزہ، ماہ نامہ اور سالنامہ و دیگر کے لئے بھی فیس مقرر کر دی گئی ہے ۔ برصغیر میں جب سے اخبارات شائع کرنے کی اجازت جاری کرنے کا سلسلہ شروع ہوا ہے ، پہلی بار کسی حکومت نے اس طرح کی فیس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے الیکٹرانک میڈیا پر بھی مختلف مدات میں فیس لگادی ہے ۔ ٹی وی چینل اور اخبارات کو اشتہارات لینے کے لئے رجسٹر کرانا ہوگا جس پر سالانہ فیس دس ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ حکومت نے صوبے میں پرنٹنگ پریس کے اجراءکے ڈیکلئریشن پر بھی فیس عائد کر دی ہے۔ پرینٹگ پریس کے قیام کی اجازت کے لئے 25ہزار روپے فیس وصول کی جائے گی۔

ڈ

مزید : صفحہ اول