گیٹ ویزا ایکسچینجز کے ذریعے حکومت کو اربوں کا نقصان پہنچانے والوں کیخلاف سخت کاروائی کا حکم

گیٹ ویزا ایکسچینجز کے ذریعے حکومت کو اربوں کا نقصان پہنچانے والوں کیخلاف سخت ...

                 لاہور(زاہد علی خان /کامران مغل)وزیر اعظم نواز شریف نے گیٹ وے ایکسچینجز کے ذریعے حکومت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ ایسے افراد کے خلاف مقدمات کی سماعت خصوصی عدالتوں میں کروائی جائے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم نے وزیر داخلہ چودھری نثار کو کہا ہے کہ ایسے افراد جو گزشتہ 2سالوں میں سرکاری خزانے کو 60ارب روپے کا نقصان پہنچا چکے ہیں ان کو گرفتار کرکے ان سے لوٹی ہوئی رقم بھی برآمد کی جائے اور اگر کوئی سرکاری افسر یا ماتحت اہلکار اس میں ملوث ہو تو اسے بھی گرفتار کرلیا جائے ۔وزیر داخلہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے ملزموں کے خلاف مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں میں بھی ہوسکے گی اور اس جرم میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ ملزمان کو سخت سزائیں مل سکیں ۔ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ وزیر اعظم کے حکم پر سخت کارروائی کی جائے گی اور بااثر افراد کی فہرستیں بنائی جارہی ہیں ۔ڈی جی ایف آئی اے وزیر داخلہ کو ایک رپورٹ بھی ارسال کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کی کارکردگی اگرچہ بہتر ہے لیکن قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی تیز کردی گئی ہے ،ایف آئی اے پنجاب ، اسلام آباد اور کوئٹہ نے 153گیٹ وے ایکسچینجز پکڑ کر 190افراد کو گرفتار کیا اور ان کے قبضہ سے کروڑوں روپے کاسامان بھی برآمد کیا ہے ۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیراعظم نے ایسے افراد کے خلاف کارروائی کرنے والوں کو انعامات بھی دیئے جائیں گے اور جو سرکاری افسرو ملازم اس میں ملوث ہوں گے اور ان کی پشت پناہی کریں گے انہیں بھی گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیںگے۔

مزید : صفحہ آخر