بی پی ایل،کومیلاوکٹورینز نے چٹاگانگ کوشکست دیدی
ڈھاکہ (اے پی پی) مارلون سیموئلز اور مشرفی مرتضی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کومیلا وکٹورینز نے بنگلہ دیش پریمیئر کرکٹ لیگ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ وکٹورینز نے چٹاگانگ وائے کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ فاتح ٹیم نے 177 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں 3 وکٹوں پر پورا کیا۔ سیموئلز 69 اور مشرفی 56 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ مرتضی کو دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ منگل کو ڈھاکہ میں کھیلے گئے لیگ کے پانچویں میچ میں چٹاگانگ وائے کنگز کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 176 رنز بنائے، ضیاء الرحمان 39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، عاشرزیدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں وکٹورینز کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 3 وکٹوں پر حاصل کیا، مارلون سیموئلز 69 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، کپتان مشرفی مرتضی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف باؤلرز کی خوب دھنائی کی اور 32 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ محمدعامر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔