انٹرکانٹینینٹل کپ،افغانستان نے پاپوانیوگنی کوشکست دیدی
شارجہ (اے پی پی) آئی سی سی انٹرکانٹینینٹل کپ میں افغانستان نے پاپوا نیوگنی کو چار روزہ میچ میں 201 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا دیا۔ پاپوا نیو گنی کی ٹیم 389 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں آخری روز اپنی دوسری اننگز میں 188 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اسد والا 81 رنز بنا کر نمایاں رہے، ظاہر اور احمدزئی نے 4،4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کپتان اصغرسٹانکزئی کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ شارجہ میں کھیلے گئے چار روزہ میچ کے آخری روز پاپوا نیوگنی کی ٹیم نے 110 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کیلئے مزید 279 رنز درکار تھے، اسد 32 اور ماہورو 27 رنز پر کھیل رہے تھے، ماہورو 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، چوتھے اور آخری روز اسد کے سوا کوئی بھی کھلاڑی افغانستان کے باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 188 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اسد 81 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ ظاہر اور احمدزئی نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں۔