گلگت بلتستان میں تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھائی جائے: عاطف اکرام
اسلام آباد (اے پی پی)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری پر کام کو کسی قسم کے خلل سے بچانے اور لگاتار آپریشنز کیلئے گلگت بلتستان میں تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھائی جائے۔ سٹوریج کی استعداد میں کم از کم ایک ہزار فیصد اضافہ سے نہ صرف راہداری پر کام میں تیل کی کمی سے خلل نہیں پڑے گا بلکہ ایمرجنسی میں عوام اور فوج کو ایندھن کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا سکے گی ۔ گلگت بلتستان کے تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت میں صرف دس لاکھ لیٹر ایندھن ذخیرہ کرنے گنجائش ہے جو دودن کی ضروریات کے لئے کافی ہے جبکہ راہداری کی وجہ سے طلب بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہداری منصوبہ سے قبل تیل کا ذخیرہ تین دن کی ضروریات کیلئے کافی تھا،لینڈ سلائیڈنگ اور بعض دیگر وجوہات کی وجہ سے مرکزی شاہراہوں کی بندش معمول ہے جس سے تیل کم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بہت سے ممالک اپنے سٹرٹیجک ریزرو بڑھا رہے ہیں، پاکستان میں بھی ایندھن ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھانے پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔