کراچی ،پرنٹنگ ،آرٹس انڈسٹری کی نمائش ،130سے زائد مقامی اور عالمی کمپنیوں کی شرکت
کراچی (اکنامک رپورٹر)پرنٹنگ، گرافکس اور آرٹس انڈسٹری کی ترقی کے لیے ہونے والی نمائش میں 130 سے زائد مقامی اور عالمی کمپنیوں نے شرکت کی۔ پرنٹ پاک نمائش 2015ء کا انعقاد کراچی ایکسپو سینٹر میں پرنٹنگ گرافکس اینڈ آرٹس انڈسٹری کی ایسوسی ایشن (پی اے پی جی اے آئی) انڈسٹری اور بدر ایکسپو سلوشنز کے تعاون سے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں چین، سنگاپور، انڈونیشیا اور دیگر ملکو ں کی عالمی اور بڑی برانڈ کی کمپنیوں نے اپنے اسٹال لگائے۔اس موقع پر صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) یونس بشیر نے کہا کہ اس نمائش کا مقصد انڈسٹری کی آواز کو اٹھانا اور حکومت کی سپورٹ حاصل کرنا ہے۔ یہ صنعت ملک میں اہم ذمہ داری ادا کررہی ہے تاہم حکومتی سطح پر اس کے مسائل کے تدارک کے لیے ڈیوٹی اسٹرکچر میں کمی کے لیے حکومت کی مدد کی ضرورت ہے تاکہ برآمدات کے ذریعے اس صنعت کو مزید ترقی دی جاسکے۔ اس نمائش میں صنعت کے لیے ترقی کے نئے مواقع اجاگر ہوئے ہیں اور صنعت میں مزید سرمایہ کاری، ترقی اور نئے معاہدوں کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے نمائش میں شرکت کرنے والے تمام مندوبین، عالمی اور مقامی کمپنیوں کے نمائندہ گان ، بدر سلوشنز اور پی اے پی جی اے آئی ۔ کراچی سینٹر کی کوششوں کی تعریف کی۔قبل ازیں، چیئرمین پرنٹ پاک 2015 ء ڈاکٹر منہاج الدین نے کہا کہ اس سال پرنٹ پاک نمائش میں ملنے والی شاندار کامیابی اور کمپنیوں کے اشتراک نے ہمیں مزید حوصلہ دیا ہے اور انشاء اللہ آئندہ برس لاہور اور کراچی میں ہونے والی نمائشیں اس سے زیادہ بڑے پیمانے پر منعقد کی جائیں گی۔ ہیڈ آف ایگزی بیشن کمیٹی سلمان ہارون نے کہا کہ ہم تمام اسپانسرز اور نمائش میں حصہ لینے والی کمپنیوں کے شکرگزار ہیں اور ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ نمائش میں ایونٹ منیجر بدر ایکسپو سلوشنز کے تعاون سے مزید بہتری لائی جائے گی۔ بعد ازاں، مہمان خصوصی، یونس بشیر، صدر کے سی سی آئی، چیئرمین پاپگئی اسماعیل میمن، سی او او، بدر ایکسپو سلوشنز ظہیر نصیر، سی ای او، آئی بی ایم پرنٹرز ، لیڈ اسپانسر سلیم بکیا نے نمائش میں اسٹال لگانے والی کمپنیوں، اسپانسرز اور انتظامی کمیٹی کے ارکان میں شیلڈز اور ایوارڈز تقسیم کئے۔
نمائش کی تشہری بڑے پیمانے پر تمام تر میڈیا بشمول پرنٹ، الیکٹرانک اور ٹی وی نیٹ ورک پر بھی ہوئی
جس سے نمائش کی کامیابی میں مدد ملی۔