دینی مدارس کی اہمیت

دینی مدارس کی اہمیت
دینی مدارس کی اہمیت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلامی معاشرے میں ہمیشہ دینی مدارس کی ضرورت اور اہمیت رہی ہے۔ ہر عقل مند اور ہوش مند مسلمان اس سے واقف ہے۔ ان ہی مدارس دینیہ کے ذریعے اسلامی معاشرت ،اسلامی اخلاق وفضائل زندہ ہوتے ہیں۔ دینی مدارس کا مقصد قرآن و حدیث ،صحابہ کرام کی دینی اور ملی خدمات سے عالم انسانیت کو آگاہ کرناہے، دینی مدارس طویل عرصے سے اسلامی تعلیم اور تہذیب و تمدن کی ابدی صداقت و حقانیت کو اُجاگر کرنے کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ یہ مدارس اپنے اس بلند مقصد کے حصول میں سو فیصد نہ سہی ، بڑی حد تک کامیاب رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ آج پورے برصغیر پاک و ہند میں اسلام کی جو روشنی نمایاں نظر آ رہی ہے ۔در حقیقت انہی مدارس کی مرہون منت ہے،لیکن بدقسمتی سے آج ان دینی مدارس کے خلاف پروپیگنڈاکیا جارہا ہے اور ان پر آئے روز اعتراضات کئے جارہے ہیں۔


اسلام کے ظاہر دشمن انگریز اور یہود آج ان مدارس کو مٹانے میں مصروف ہیں ،ان کے مقابلے میں ان مدارس نبویؐ کے طلباء مجبور اور مظلوم ہیں ،جن کو محبوب خدا نے انبیاء کے وارث قرر دیا ہے (علماء کرام) آج مغلوب ہیں، لیکن یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ انہی مدارس دینیہ سے نکلنے والے علمائے کرام نے ہمیشہ روئے زمین سے اٹھنے والی خرافات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ انگریزوں کو بھاگنے پر مجبور کیا، ظلم و جبر کو دفع کیا، اخوت اور بھائی چارے کو عام کیا۔ سنت کا پرچار کیا ،اسلام اور پاکستان کا پرچم بھی سب سے پہلے انہوں نے بلند کیا۔ انہی مدارس نے ہزاروں سے زائد مفسر ،محدث ،مفتی ،متکلم ،محقق ،معلم ،مبلغ مورخ ،مفکر ،مقرر ،سیاستدان صحافی تیار کئے۔


اگر آج پاکستانی مسلمان ان مدرسوں سے محروم ہو گئے تو بالکل اس طرح ہوگا جس طرح اندلس میں مسلمانوں کی آٹھ سو سالہ حکومت کے باوجود آج غرناطہ اور قرطبہ کے کھنڈرات اور الحمراء کے نشانات کے سوا اسلام کے قلعوں کا کوئی نشان نہیں ملتا۔ اس بات سے آج کون غافل ہے کہ بغداد صدیوں تک علوم و فنون کا مرکز رہا ،لیکن آج اسلام دشمن عناصر نے اپنی تمام تر سازشوں سے وہاں کے مدرسوں کو کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں اب مخلوط تعلیم رائج ہے۔ ان کے اساتذہ کو دیکھ کر یہ پتہ چلانا مشکل ہوتا ہے کہ عالم تو کجا، یہ مسلمان بھی ہیں یا نہیں۔ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں مختلف شعبوں میں عوام کو در پیش مسائل فقہی حل کے لئے دارالافتاء کے قیام اور اس کے لئے ماہر علماء اور صاحب بصیرت مفتیان مہیا کرنے کی ذمہ داری بھی انہی مدارس نے سنبھالی ہے۔دینی مدارس نے ہر محاذ پر اسلام اور اسلام کی سربلندی اور ملک و ملت کے لئے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔ دین محمدی اور شریعت مطہرہ کے لئے دینی مدارس کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

مزید :

کالم -