بزنس مین پینل کے وفد کا سلطان چاؤلہ کی قیادت میں اوکاڑہ چیمبر کادورہ

بزنس مین پینل کے وفد کا سلطان چاؤلہ کی قیادت میں اوکاڑہ چیمبر کادورہ

  

لاہور(کامرس رپورٹر)بزنس مین پینل کے ایک نمائندہ وفد نے گزشتہ روز چیئرمین بزنس مین پینل سلطان احمد چاؤلہ کی سربراہی میں اوکاڑہ چیمبر کا دورہ کیا ۔ وفد میں ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوار سینیٹر حاجی غلام علی ‘ نائب چیئرمین بزنس مین پینل میاں زاہد حسین ‘ چیئرمین پنجاب ریجن میاں انجم نثار‘ ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر حاجی فضل الٰہی ‘ لاہور چیمبر کے سابقہ صدور سہیل لاشا ری و میاں شفقت علی، طاہر جاوید ملک، میاں نعمان کبیر، ظہیر بھٹہ ‘ باؤ محمد بشیر ‘ راجہ وسیم ‘ و دیگر بزنس کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹیو و جنرل باڈی ممبران موجود تھے۔ اوکاڑ پہنچنے پر اوکاڑہ چیمبر کے اوکاڑہ چیمبر کے بانی صدر چوہدری ارشد اقبال ‘ صدر شیخ محمد اقبال ، ای سی ممبر محمد ندیم ظفر، قمر عباس و دیگر عہدیداران وممبران نے وفد کا پرتباک استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بزنس مین پینل (پنجاب زون)کے چیئرمین میاں انجم نثار نے کہا کہ رواں برس بزنس کمیونٹی کی مشکلات ختم ہونے کے بجائے ان میں اضافہ ہوا ۔فیدریشن لیول پر بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا گیا۔ بزنس کمیونٹی کے اہم ایشوز کی حکومتی ایوانوں میں وکالت کی بجائے سرکار کی جی حضوری کی جاتی رہی۔ ایکسپورٹ کو بڑھانے کے دعویدار ایکسپورٹ کو قائم نہ رکھ سکے بلکہ ایکسپورٹ کا شعبہ20% کمی کا شکار ہے ۔ ایف پی سی آئی کے صدر اوریو بی جی کے قائدین سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں جبکہ حقیقت میں کچھ بھی اچھا نہیں ۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی ود ہولڈ ٹیکس کیخلاف گزشتہ5ماہ سے احتجاج کر رہی ہے اور ریفنڈ بھی نہیں دیا جارہا۔

‘ اس کے برعکس بزنس کمیونٹی کو تنگ کرنے کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں لیکن فیڈریشن آ ف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کوئی کردار اداکرنا تو دور کی بات کوئی آواز بھی نہ اٹھا ئی ہے نائب چیئرمین بزنس مین پینل میاں زاہد حسین نے کہا کہ وفاقی بجٹ کے دوران ایف پی سی سی آئی کی کوئی بھی تجویز منظور نہیں کی گئی بلکہ بجٹ پیش ہوتے ہی ا س کی تعریفوں کے پل باندھے گئے۔ تبدیلی کا نعرہ لگا کر گروپ بنانے والوں نے بزنس کمیونٹی کیلئے ایک سال میں کیا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی اور بالخصوص ایس ایم منیر کو بزنس کمیونٹی کے مسائل سے کوئی غرض نہیں بلکہ وہ اپنے لئے صرف ایک نوکر لانا چاہتا ہے اسلئے اس نے ایف پی سی سی آئی کی صدارت کیلئے ایسے شخص کو امیدوار نامزد کیا ہے جسکا اپنا کوئی بھی کاروبار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی عہدیدار اور یو بی جی گروپ کے قائدین 2015میں پورا سال صدر ‘ وزیر اعظم ‘ وفاقی و صوبائی وزراء سمیت مختلف اداروں کے سربراہان سے ملاقات نہیں کر سکے وہ بزنس کمیونٹی کے کیا مسائل حل کرینگے۔ یو بی جی نے گزشتہ الیکشن کے دوران بہت بلند و بانگ دعوے کیے ۔ بزنس کمیونٹی کو بہت امید تھی مگر کامیابی کے بعد یو بی جی کچھ نہیں کر سکی ۔ تقریب سے اوکاڑہ چیمبر کے بانی صدر چوہدری ارشد اقبال ‘ صدر شیخ محمد اقبال ‘ نائب صدر قمر عباس مغل ‘ سابق صدور چوہدری خلیل الرحمن ‘ شفقت رسول سمیت تمام ممبران نے بھی خطاب کیا اور سینیٹر حاجی غلام علی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کامیابی کے لئے بھر پور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

مزید :

کامرس -