قونصلر ناصر محمود اعوان کی سربراہی میں وفد کاگریمز ٹاؤن کا دورہ
پریٹوریا(بیورو رپورٹ) جنوبی افریقہ میں دکانوں کی لوٹ مار سے متاثرین پاکستانیوں سے ملاقات کے لئے قونصلر ناصر محمود اعوان کی سربراہی میں وفد نے گریمز ٹاؤن کا دورہ کیا۔ اس دورہ میں جوہانسبرگ اور گریمز ٹاؤن کے پاکستانی کمیونٹی لیڈر بھی ہمراہ تھے۔ وفد نے دورہ کے دوران میئر گریمز ٹاؤن ، اعلی انتظامیہ،مقامی پولیس اور ہر متاثرہ پاکستانی سے ملاقات کی۔200سے زائد متاثرہ پاکستانیوں کو فوری طور پر پاکستانی شہریت رکھنے والے طارق حیات کے ہاسٹل میں منتقل کر دیا گیا۔ پاکستانی سفارت خانے کی ان تمام کاوشوں کو وہاں مقیم دوسرے ممالک کے افراد نے بے حد سراہا۔ مقامی انتظامیہ نے بھی ہر انفرادی متاثرہ شخص کی مدد کے لئے تمام تر اقدامات کئے جو تسلی بخش ہے۔ پاکستانی ہائی کمیشن جنوبی افریقہ ،بوستاوانہ، لے سوتھلو، موزبیگ، نمبیا اور سوازی لینڈ میں پاکستانیوں کے قانونی معاملات کی دیکھ بھال کر رہا ہے اور جنوبی افریقہ میں پاکستانیوں کی ہلاکت کی بھی قانونی چارہ جوئی کر رہا ہے۔پاکستانی ہائی کمیشن نے وفد کی جانب سے پاکستانی متاثرین کے لئے کی گئی کارروائیوں کو سراہا ہے اور ہائی کمشنر نے جنوبی افریقہ میں پاکستانیوں کی جانب سے اپنے ہم وطنوں کے لئے تعاون کو بھی سراہا ہے۔